مادروطن پر جان نچھاور کرنے والے سپاہی بسم اللہ کو پوری قوم کا سلام

مادروطن پر جان نچھاور کرنے والے سپاہی بسم اللہ کو پوری قوم کا سلام
کیپشن: Salutations of the entire nation to the soldiers who laid down their lives for the motherland

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام، وطن کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو پوری قوم خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے۔ ضلع خیبر کے سپاہی بسم اللہ نے 04 مئی 2023 کو وطنِ عزیزکے دفاع کی خاطر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں جامِ شہادت نوش کیا۔

تفصیلات کے مطابق سپاہی بسم اللہ شہید کا تعلق صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع خیبر سے ہے، بسم اللہ شہید وطنِ عزیز پر جان قربان کرنے کا عزم رکھنے والے جانباز سپاہی تھے، سپاہی بسم اللہ شہید نے 2021 میں فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا میں اپنی عسکری خدمات کے سفر کاآغاز کیا، اور 04 مئی 2023 کو وطنِ عزیزکے دفاع کی خاطر شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں جامِ شہادت نوش کیا۔ 

سپاہی بسم اللہ شہید کے لواحقین نے سانحہ 9مئی کی مذمت کرتے ہوئے شرپسندوں کو سزا دینے کی اپیل کی۔ سپاہی بسم اللہ شہید کے چچازاد نے کہا کہ 9 مئی کو ہمارے شہداء کی بے حرمتی کی گئی، جس کے وجہ سے ہمارے دل بہت رنجیدہ ہوئے، ہمارے شہداء وطنِ عزیز کی خاطراپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں اور یہ شرپسند لوگ ان کی یادگاروں کی بےحرمتی کرتے ہیں، ایسے شرپسندوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔ 

سپاہی بسم اللہ شہید کے چچا کا کہنا تھا کہ ہمارے شہید صرف اپنے ملک اور قوم کیلئے قربانی دیتے ہیں اورمیرے بھتیجے نے بھی اپنے لئے نہیں بلکہ وطن عزیز کی خاطر اپنی جان قربان کی۔ قوم سپاہی بسم اللہ شہید سمیت تمام شہداء پاکستان کی مقروض ہے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ سپاہی بسم اللہ شہید اپنی جوانی وطنِ عزیز پر قربان کر کے آنے والی نسلوں کے لئے مشعل راہ بن گیا۔