ایک نیوز نیوز: کوئٹہ سے اغواء ہونیوالے کرنل لئیق بیگ مرزا کو دہشتگردوں نے شہید کردیا، آپریشن میں 2 دہشت گرد مارے گئے، بقیہ دہشت گرد ان کے مغوی کزن عمر جاوید کو لیکر فرار ہوگئے، سکیورٹی فورسز کا علاقے میں آپریشن جاری ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 12 اور 13 جولائی کی رات، 10 سے 12 دہشتگردوں کے ایک گروپ نے کوئٹہ میں خدمات انجام دینے والے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے کزن عمرجاوید کو قائد کی رہائش گاہ زیارت سے کوئٹہ واپسی پر زیارت کے علاقے وارچوم کے قریب اغواء کیا۔
اطلاع ملنے پر آرمی کوئیک ری ایکشن فورسز کو فوری طور پر فرار ہونے والے دہشتگردوں کا پیچھا کرنے کے لئے روانہ کیا گیا جنہوں نے دہشتگردوں کا منگی ڈیم میں ان کے ٹھکانوں کی طرف جانے کا سراغ لگایا، سکیورٹی فورسز نے ایس ایس جی کے جوانوں اور ہیلی کاپٹروں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کیا، 13 اور 14 جولائی کی رات 6 سے 8 دہشتگردوں کو سکیورٹی فورسز کی ٹیم نے قریبی پہاڑوں میں ایک نالے میں جاتے ہوئے دیکھا، جس پر ان کو محاصرے میں لینے کی کوشش کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گھیرے جانے کا احساس ہونے پر دہشتگردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو گولی مار کر شہید کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشتگرد مارے گئے، دہشتگردوں سے آئی ای ڈیز، دھماکہ خیز مواد اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، تاہم اس دوران باقی دہشت گرد دیگر مغوی عمر جاوید کو ساتھ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کا یرغمالی کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کے لئے پرعزم، خراب موسمی حالات کے باوجود علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔