سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ اب قانونی حقداروں کو وراثتی سرٹیفکیٹ کے لیے عدالتوں سے رجوع نہیں کرنا پڑے گا، وہ 15 روز میں نادرا کے ذریعے وراثتی سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیجیٹل وراثتی سرٹیفکیٹس کے اجرا سے عدالتی نظام پر غیر ضروری بوجھ کم ہو جائے گا۔
آج سے پنجاب کے تمام 36 اضلاع میں NADRA کے ذریعے "ڈیجیٹل وراثتی سرٹیفیکیٹس" کا اجراء شروع کر دیا گیا ہے
اب وراثت کےقانونی حقدار عدالتوں سے رجوع کیے بغیر نادرا سے 15 دن میں بآسانی سرٹیفیکیٹ حاصل کر سکیں گے اور عدالتی نظام پر یہ غیر ضروری بوجھ کم ہو گا!
pic.twitter.com/a3xHAAodQW
— Usman Buzdar (@UsmanAKBuzdar) July 14, 2021
واضح رہے کہ وفاقی دارلحکومت کے بعد پنجاب میں ڈیجیٹل وراثتی سرٹیفکیٹس کی سہولت کا آغاز کیا گیا ہے ۔ گزشتہ روز پنجاب میں ڈیجیٹل وراثتی سرٹیفکیٹس کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ نظام میں ای گورننس لے کر آئیں، وراثتی سرٹیفکیٹ کا نادرا کے ذریعے اجراء ایک بڑا اقدام ہے، اب یہ بآسانی حاصل کیے جا سکیں گے، خاص طور پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وراثتی سرٹیفیکیٹ کے حصول میں سہولت ہو گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ حکومتی امور میں مکمل طور پر ای گورننس لائی جائے، یہاں فائلیں گم ہو جاتی ہے، کبھی آگ لگ جاتی ہے، لینڈ ریکارڈ تک کو آگ لگ جاتی ہے، ای گورننس سے یہ سارا سسٹم اس سے بچ سکتا ہے۔