ویب ڈیسک :الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے غزہ متاثرین کیلئے20ٹن امدادی سامان کی تیسری کھیپ بھجوادی۔
سیکرٹری جنرل الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان سید وقاص جعفری کاکہنا ہے کہ اب تک پاکستان سے57 ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لیے بھجوایا جا چکاہے۔
نورخان ایئربیس پر وفاقی نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی، پاکستان میں فلسطینی سفیر احمد ربیعی، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک، الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدر ائیر مارشل (ر) فاروق حبیب، سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، الخدمت آغوش ہومز کے نیشنل ڈائریکٹر ائیر مارشل (ر) ارشد ملک اور سینئر منیجر میڈیا ریلیشنز شعیب ہاشمی سمیت پاک فوج، پاک فضائیہ، این ڈی ایم اے اور الخدمت کے دیگر ذمہ داران موجود تھے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری کاکہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال میں الخدمت فاؤنڈیشن پہلے دن سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔ غزہ میں بین الاقوامی امدادی اداروں کے تعاون اور مصر میں قائم کیمپ آفس سے امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے ساتھ ساتھ پاکستان سے بھی امدادی سامان بھجوانے کا سلسلہ جاری ہے۔
سید وقاص جعفری کاکہنا ہے کہ مجموعی طور پر اب تک ادویات، خوراک، ہائی جین کٹس پر مشتمل57 ٹن امدادی سامان پاک فضائیہ کی مدد سے غزہ متاثرین تک پہنچایا جا چکا ہے اور حالیہ بھجوائے گئے سامان میں 13 ٹن ادویات اور 7 ٹن خوراک شامل ہے جو پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ اردن پہنچے گا جہاں اردن میں تعینات پاکستانی سفیر امدادی سامان وصول کریں گے، جس کے بعد یہ امدادی سامان غزہ متاثرین تک پہنچایا جائے گا۔
سید وقاص جعفری نے اِس موقع پر مخیر حضرات سمیت این ڈی ایم اے، پاک فوج اور فضائیہ کا شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے وہ غزہ کے متاثرین تک مدد پہنچانے میں کامیاب ہو سکے۔