عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی
کیپشن: عمران خان اور بشریٰ بی بی پر آج بھی فرد جرم عائد نہ ہوسکی

ویب ڈیسک :بانی پاکستان تحریک انصاف  اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔

تفصیلات کےمطابق غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت سینئر سول جج نے اڈیالہ جیل میں کی، کیس میں ملزمان پر کل فرد جرم عائد کی جائے گی۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کی حاضری لگائی گئی، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوئیں، بشریٰ بی بی کے وکلا نے طبی بنیادوں پر حاضری سےاستثنیٰ کی درخواست دائر کی تھی، وکلا صفائی نے بشریٰ بی بی کی آئندہ سماعت پر حاضری کی یقین دہانی بھی کروائی۔

وکیل مدعی راجا رضوان عباسی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کردی، ان کا کہنا تھا کہ نہ آخری سماعت پر اور نہ اس سماعت پر بسری بی بی کا میڈیکل پیش کیا گیا، ملزمان کی جانب سے مقدمے کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا ہے۔انہوں نے استدعا کی کہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کی جائے اور وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔

وکیل صفائی نے کہا کہ آپ حکم دیں تو میڈیکل رپورٹ بھی پیش کردی جائے گی، وکلا کی یقین دہانی پر عدالت نے بشریٰ بی بی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی۔دوران سماعت بانی پی ٹی آئی روسٹرم پر آگئے، عمران خان نے کہا کہ یہ مجھ سے بار بار پوچھتے ہیں لیکن مجھے نہیں معلوم بشریٰ بی بی کہاں ہیں، میرا بشریٰ بی بی سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔بعد ازاں عدالت نے غیر شرعی نکاح کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 10 جنوری کو بھی بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر غیر شرعی نکاح کیس میں فرد جرم عائد نہ ہو سکی۔