ویب ڈیسک: انتخابات ملتوی کرانے سےمتعلق سینیٹ کی منظور کردہ قرارداد کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے سینیٹ سیکریٹریٹ کو مراسلہ بھیج دیا۔
الیکشن کمیشن نے مراسلے میں کہا کہ آپ کی قرارداد کا جائزہ لیا، الیکشن کمیشن نے صدر مملکت کی مشاورت سے 8 فروری کو پولنگ کی تاریخ کا اعلان کیا، اس وقت عام انتخابات 2024 کو ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امن و امان کے لیے نگراں حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں۔
واضح رہے کہ سینیٹ میں الیکشن کے التوا کی قرارداد پیش کرنے والے آزاد سینیٹر دلاور خان نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھاہے جس میں کہا گیا کہ سینیٹ نے 5 جنوری کو الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد پاس کی تھی، یہ باعث تشویش ہے کہ الیکشن کمیشن نے تاحال 8 فروری کے انتخابات ملتوی کرانے کے کوئی اقدامات نہیں کیے۔
خط میں کہا گیا کہ قرارداد میں نشاندہی کیے گئے تحفطات پر توجہ دینی چاہیے تھی، بطور ایوان کے کسٹوڈین مداخلت کر کے میری قرارداد پر عمل درآمد کی موجودہ صورت حال معلوم کی جائے۔