ایک نیوز : بانی جماعت اسلامی مولانا مودودی کی صاحبزادی اسماء مودودی 78 برس کی عمر میں وفات پاگئیں۔
جماعت اسلامی کے مرکزی ترجمان قیصر شریف کے مطابق اسما مودودی 14 برس سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں، دو روز قبل انہیں نمونیہ ہوا جس کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسما مودودی کے بچے نہیں تھے ، انہوں نے اپنا سارا وقت اپنے والد کے مشن کو آگے بڑھانے میں صرف کیا۔ انہوں نے اسلامی جمعیت طلبہ کا ہیڈ آفس اور مولانا مودودی کے گھر کے قریب جگہ لے کر مسجد بھی تعمیر کرائی۔
ان کا نماز جنازہ کل مولانا مودودی کے بڑے صاحبزادے سید عمر فاروق مودودی کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن سے ظہر کے بعد اٹھایا جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق، نائب امرا لیاقت بلوچ،ڈاکٹر فرید پراچہ، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، راشد نسیم، اسد اللہ بھٹو، سیکریٹری جنرل امیر العظیم، میاں محمد اسلم، حافظ محمد ادریس، مولانا عبدالمالک، ڈپٹی سیکریٹری جنرل محمد اصغر، وقاص جعفری، اظہر اقبال حسن سمیت جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت نے اسما مودودی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔