ایک نیوز: سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹبلشمنٹ ایک حقیقت ہے ، امید ہے موجودہ آرمی چیف شفاف انتخابات کروائیں گے، این آر او کے علاوہ ہر بات کیلئے تیار ہیں ۔
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے لاہور زمان پارک میں ٹی وی چینلز کے پروڈیوسرز نے ملاقات کی۔ اس موقع پر عمران خان نے کہا اسٹیبلشمنٹ ایک حقیقت ہے اور قانون سے بالاتر ہے۔ حالات تب بہتر ہوں گے جب اسٹیبلشمنٹ قانون کی بالادستی کے لئے کام کرے گی ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے لئے کہا جارہا ہے۔ہمارے لوگوں کو بلا کر کہا گیا کہ عمران خان کاکوئی مستقبل نہیں ۔پنجاب میں ہمارا مینڈیٹ کم کرنے کی کوشش ہوئی تو مزاحمت کریں گے ۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ جتنی طاقت فوج کے پاس ہے اتنی کسی اور ادارے کے پاس نہیں ۔فوج مثبت رول ادا کرے تو ملک کو آگے جانے سے کوئی نہیں روک سکتا ۔
اس وقت ہم یا ڈیفالٹ ہیں یا آئی ایم ایف کا آپشن ہے۔بہتر ہوگا ہم اس صورتحال میں آئی ایم ایف کی طرف چلے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ ایک حقیقت ہے ۔امید ہے موجودہ آرمی چیف شفاف انتخابات کروائیں گے ۔ ہم این ار او کے علاوہ ہر بات کیلئے تیار ہیں۔