ایک نیوز: تحریک انصاف کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے بیلٹ باکس کی سیل کھول دی جس کا الیکشن کمیشن نے نوٹس لےلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس شمیم نقوی کی بیلٹ باکس کی سیل کھولنے کی ویڈیو بھی وائرل ہو گئی ہے۔جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ فردوس شمیم نقوی بیلٹ باکس کی سیل توڑ رہے ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے سولجربازار یوسی وارڈ 4 میں پولنگ عمل متاثر کرنے کی کوشش کی۔
فردوس شمیم نقوی نے 3 سے 4 بیلٹ باکس کی سیل توڑی ، اس حوالے سے فردوس شمیم نقوی نے بتایا کہ سیل کمزور لگائی گئی تھیں لہٰذا اس لیے توڑ دیں۔
اس معاملے پر پولنگ عملے نے کہا کہ یہ مختلف پولنگ اسٹیشنز کا دورہ کرنے آئے تھے، انہیں روکنے کی کوشش کی لیکن پی ٹی آئی رہنما نے کسی کی نا سنی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے ممبر صوبائی اسمبلی فردوس شمیم نقوی کے بیلٹ باکس کی سیلیں توڑنے کا نوٹس لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے ممبر صوبائی اسمبلی کو پولنگ اسٹیشن سے بے دخل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ یہ غیرقانونی حرکت اورضابطہ اخلاق کیخلاف ورزی ہے۔