نامزد وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے وارنٹ گرفتاری جاری

Feb 15, 2024 | 09:11 AM

ایک نیوز:آزادکشمیر الیکشن کمیشن نے  سابق وزیر امور کشمیر و نامزد وزیراعلی کے پی کے علی امین گنڈا پور کے  وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

تفصیلات کے مطابق علی امین خان گنڈا پور پر آزادکشمیر کے جنرل الیکشن2021 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی درخواست دائر تھی، الیکشن کمیشن کی جانب سے بار ہا طلبی کے باوجود حاضر نہ ہونے پر ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان کو آزادکشمیر میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے ، علی امین گنڈا پور کو گرفتار کر کے 28 فروری کو پیش کیا جائے، الیکشن کمیشن آزاد کشمیر، اگر ملزم مذکور 50 ہزار روپے اور اس قدر مچلکہ حاضری داخل کرے تو حراست سے باہر کیا جائے۔

دوسری جانب عام انتخابات 2024 میں منتخب ہونے والے 9 مئی کے اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی تشکیل دیدی گئی۔ لاہور پولیس کو مطلوب کامیاب امیدوار علی امین گنڈا پور، اسلم اقبال اور امتیاز شیخ  سمیت متعدد اشتہاریوں کی گرفتاری کے لئے جیو فینسنگ، موبائل ٹریکنگ اور آئی پی ایڈریس ٹریک کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا۔

 واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے علی امین گنڈا پور کو وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نامزد کیا ہے ، گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم سےکوئی اتحادنہیں ہوگا، ان کے علاوہ تمام جماعتوں سے بات کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کیلئے علی امین گنڈا پور کا اعلان کیا تھا۔

مزیدخبریں