ایک نیوز :قومی اسمبلی کے بعد سینیٹ میں ضمنی فنانس بل 2023اپوزیشن کے شورشرابے میں پیش کیاگیا ۔اپوزیشن کااحتجاج ،ایوان مچھلی منڈی بنارہا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اجلاس کی صدرات کی۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی میں منی فنانس بل پیش کیا تو سینیٹ میں بل کی کاپی پیش کرنے پراپوزیشن کے اراکین اپنی نشستوں پر کھڑے ہوگئے۔ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔سینیٹ میں اپوزیشن ارکان نے مالیاتی بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور حکومت کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔
چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی فنانس کو بھیجتے ہوئے آئندہ جمعہ تک اراکین سے بل پر سفارشات طلب کرلیں۔سفارشات پر مبنی رپورٹ سینیٹ کی فنانس کمیٹی ایوان میں پیش کرے گی۔یہ سفارشات قومی اسمبلی بھجوائی جائیں گی۔پوری کاروائی کے دوران اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے ایوان کی کارروائی 23 فروری تک ملتوی کر دی۔