ایک نیوز: پاکستان سپر لیگ سیزن 8 کے لاہور میں ہونے والے میچز کے لئیے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیاہے۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں ہونے والے پی ایس ایل میچز میں 8ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار میچز سکیورٹی کے لئیے سپیشل ڈیوٹی پر مامور ہونگے۔سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کا کہناہے کہ سکیورٹی انتظامات پر عملدرآمد کے لئے ضلعی انتظامیہ سمیت متعلقہ اداروں سے مکمل رابطہ میں ہیں۔لاہور پولیس،ضلعی انتظامیہ، ٹریفک پولیس،ادارے سکیورٹی و دیگر انتظامات کے لئے مشترکہ ریہرسل بھی کریں گے۔
ٹیموں کی قیام گاہ،روٹس، سٹیڈیم کے گرد و نواح میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری ہیں۔سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے ٹیموں کی قیام گاہ،روٹ، سٹیڈیم کے اطراف مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے گی۔میچز کے دوران ڈولفن سکواڈ، ایلیٹ اورپولیس ریسپانس یونٹ ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ کریں گی۔ٹیموں کے روٹ پر آنے والی بلند عمارتوں پر سنائپرز تعینات کئے جائیں گے۔ٹیموں کی نقل و حرکت کے دوران ٹریفک سے متعلقہ مسائل کو کم سے کم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ پی ایس ایل 8 کے فائنل سمیت 09 میچز 26 فروری سے 19 مارچ تک لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں ایڈیشن میں لاہور میں ہونے والے میچز کے موقع پر ہوٹل سے اسٹیڈیم کے روٹ پر کرایے پر لائٹس لگانے کے لیے ٹھیکیدار نے 80 کروڑ روپے کا خرچہ بتا یا تھا۔نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لائٹس کی مد میں خطیر رقم دینے سے انکار کر دیا تھا۔ نگراں وزیرِ اعلیٰ محسن نقوی کا کہنا ہے کہ صرف پی ایس ایل کے 9 میچز کے لیے سیکیورٹی روٹس پر 80 کروڑ روپے نہیں لگا سکتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ خود لائٹس خریدے تو 25 کروڑ میں خرید سکتا ہے۔