ڈاکٹر مہرین بلوچ کی بچیوں کے اغواکا کیس، ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب

Feb 15, 2023 | 13:44 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: سپریم کورٹ نے پولیس کو ڈاکٹر مہرین بلوچ کی بچیوں کے اغواکار کے تعین کا حکم دیتے ہوئے ڈی آئی جی سندھ سے دو ہفتوں میں تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے.

رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ میں ڈاکٹر مہرین بلوچ کی دو بچیوں کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی. ایڈیشنل اٹارنی نے عدالت کو بتایا کہ مہرین بلوچ کی دونوں بچیوں کو بازیاب کروالیا گیا ہے، چیف جسٹس پاکستان نے کہا اگر والد کی گرفتاری ضروری ہوئی تو قانون کے مطابق فورم پر رابطہ کریں۔

وکیل شوہر آصف بلوچ نے کہا بچیوں کو ریکور نہیں کیا گیا خود مجسٹریٹ کے سامنے حوالے کی گئیں ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا چھے سال سے لاپتہ بچیوں کا ملنا بازیابی ہی ہوگا۔عدالت کے استفسار پر ڈی آئی جی پولیس سندھ نے کہا بچیاں اس وقت شیلٹر ہوم کراچی میں ہیں اور والدہ سے بھی ملوایا گیا یے، بچیوں کو جڑاں والا،فیصل آباد،لاہور،بدین سمیت مختلف شہروں میں رکھا گیا تھا، بچیوں کے والد نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کررکھی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا واضح ہے کہ اس کیس میں اثر ورسوخ استعمال کیا گیا ہے جبکہ دونوں خاندان اثر ورسوخ والے ہیں، بچیوں کی ماں یا باپ سے محبت اپنی جگہ لیکن اس سب کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے. پولیس پتہ چلائے اس سارے عمل کے دوران کون کون ملوث ہے، بچیوں کی بازیابی پر چیف سیکریٹری سمیت پوری ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہیں، پولیس کی کارکردگی کی اصل وجہ فنڈز کی کمی ہے، عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کردی.

مزیدخبریں