پنجاب میں انتخابات کی تاریخ: الیکشن کمیشن کو رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت

Feb 15, 2023 | 10:40 AM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے کا معاملہ عدالت نے الیکشن کمشن کی اب تک پروگریس  رپورٹ طلب کر لی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس جواد حسن نے عدالتی احکامات کے باوجود پنجاب میں الیکشن کی تاریخ نہ دینے پر الیکشن کمیشن اور گورنر پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔فواد چودھری اور شہباز گل کمرہ عدالت میں موجود ہیں۔

دوران سماعت جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیے کہ اظہر صاحب آپ کی درخواست اتنی جلدی لگ کیسے جاتی ہے؟آپ کو اتنی جلدی کیا ہے،کیا آپ کو عدالتوں پر اعتماد نہیں ہے؟۔ عدالت نے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن اور گورنر کے وکیل کہاں ہیں؟ کیا الیکشن کمیشن نے کوئی اپیل دائر کی ہے؟

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا  کہ عدالت نے اپنا کام کردیا ہے، اب عدالت انتظار کر رہی ہے وہ کیا کر رہے ہیں۔

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے پریس ریلیز جاری کی ہے، گورنر نے تاریخ دینے سے انکار کیا ہے۔الیکشن کمیشن فیصلے پر تشریح کروانا چاہتا ہے۔ 

وفاقی حکومت کے وکیل نے کہا کہ آپ کا حکم نامہ بڑا کلئیر ہے۔

جسٹس جواد حسن نے ریمارکس دیتےہوئے کہا کہ میں نے فیصلہ دیا ہے اسکا مذاق نا بنائے۔

جسٹس جواد حسن نےریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت پریس ریلیزوں کو نہیں مانتی۔ الیکشن کمیشن کے پاس اپیل کےلیے 20 روز ہیں۔ آپ انتظار کریں۔میں نے جو فیصلہ کیا ہے اس پر عمل ہوگا۔

فواد چودھری نے کہا کہ اپنے ایک تاریخی فیصلہ دیا ہے۔ 

وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے آج 11بجے اجلاس طلب کر رکھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عدالتی ہدایت کے مطابق گورنر سے مشاورت کی۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کو اب تک کی پیشرفت رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کی پروگرس رپورٹ آنے تک سماعت 20 فروری تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں