ایک نیوز:بلوچستان کے 2 اضلاع اور ایک تحصیل کی مخصوص نشستوں پر بلدیاتی الیکشن آج ہوگا۔
الیکشن کمیشن بلوچستان کے مطابق آج ضلع لسبیلہ، حب اور تحصیل حرمزئی کی مخصوص بلدیاتی نشستوں پر الیکشن ہوگا جبکہ برابری کی بنیاد پر خالی رہ جانے والی 56 یونین کونسلوں کی 119 نشستوں پر بلدیاتی نمائندوں کا چناؤ بھی کل عمل میں لایا جائے گا۔
دوسری جانب این اے 265 کوئٹہ ٹو کی نشست پر ضمنی الیکشن کیلئے جمع شدہ 32 امیداروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی۔
الیکشن کمیشن بلوچستان کا کہنا ہے کہ 32 میں سے 31 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ایک آزاد امیدوار ولی محمد کے کاغذات مسترد کردئیے گئے ہیں، کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں 16 فروری تک جمع کرائی جاسکیں گی۔
ایپلیٹ ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلہ 20 فروری تک کیا جائیگا، 21 فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائے گی، 22 فروری تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے، 23 فروری کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 16 مارچ کو ہوگی۔