یونان ،تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5افراد ہلاک،پاکستانی بھی شامل

یونان ،تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5افراد ہلاک
کیپشن: Greece, 5 people died after the migrant boat sank

ایک نیوز: یونان کے ساحلی علاقے میں تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے سے 5افراد ہلاک اور کئی لاپتا ہوگئے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یونان کےجنوبی جزیرے کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، یونانی کوسٹ گارڈ نے بتایا کہ حادثے میں5افراد ہلاک ہوئےجبکہ 40افراد لاپتا ہیں اور39کو بچا لیا گیا ہے۔
یونان کے جنوبی جزیرہ کے قریب کشتی الٹنے پروفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نےغیر قانونی طور پر یورپ جانے والےپاکستانی شہریوں کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے، وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ رفعت مختار راجہ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
کمیٹی افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کرکے 5 روز میں رپورٹ وزیرداخلہ کو پیش کرے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ ناقابل برداشت جرم ہے، انسانی سمگلنگ میں ملوث مافیا کئی گھر اجاڑ چکا ہے، اس مافیا کی سرکوبی کے لئے ایف آئی اے بلا امتیاز ملک گیر ایکشن لے۔ 

جنوبی یونان میں کشتی الٹنے کا واقعہ یونان کے جزیرے کریٹ میں گزشتہ روز کشتیوں کے الٹنے کے واقعات کے بعد بچائے جانے والوں میں 47 پاکستانی بھی شامل ہیں. ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مرنے والوں میں ایک پاکستانی کی بھی تصدیق ہوئی ہے، اس مرحلے پر ہم ہلاک یا لاپتہ پاکستانی شہریوں کی تعداد کی تصدیق کرنے سے قاصر ہیں، ایتھنز میں پاکستان کا سفارت خانہ ہیلینک کوسٹ گارڈ اور چانیا کے کوسٹ گارڈ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

 کوسٹ گارڈز براہ راست تلاش اور بچاؤ آپریشن سے نمٹ رہے ہیں،سفارتخانے کے اہلکار بازیاب کرائے گئے پاکستانیوں سے ملنے اور انہیں ہر قسم کی مدد فراہم کرنے کے لیے کریٹ پہنچ گئے ہیں،لاپتہ پاکستانیوں کے اہل خانہ +30-6943850188 نمبر پر پاکستانی سفارت خانہ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔