ایک نیوز:الیکشن کمیشن نے عام انتخابات2024 کا شیڈول جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے لیے پولنگ 8 فروری 2024 کو ہوگی۔ شیڈول کے مطابق 20 سے 22 دسمبر تک امیدوارکاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے اور 24 دسمبر سے 30 دسمبر تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔
شیڈول کے تحت کاغذات نامزدگی منطور یا مسترد ہونے پر اپیل دائر کرنے کی آخری تاریخ 3 جنوری 2024 ہے جبکہ 10جنوری 2024 کو اپیلوں پر اپیلٹ اتھارٹی کے فیصلوں کا آخری روز ہوگا۔انتخابی شیڈول کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 11 جنوری کو جاری کی جائے گی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 12 جنوری 2024 ہوگی۔
امیدواروں کو انتخابی نشان 13 جنوری کو جاری کیے جائیں گے اور 8 فروری کو پولنگ ہوگی۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں اراکین نے عدالتی فیصلے کے بعد کی صورت حال پر بریفنگ دی۔بعد ازاں اراکین نے انتخابی شیڈول 2024 کی منظوری دی جسے الیکشن کمیشن نے جاری کردیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا ریٹرننگ افسران اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کردیا اور الیکشن کمیشن کو آج ہی انتخابی شیڈول جاری کرنے کا حکم دیا تھا ۔