سونو نگم کی گانا چرانے پر پاکستانی گلوکار سے معذرت

سونو نگم کی گانا چرانے پر پاکستانی گلوکار سے معذرت
کیپشن: سونو نگم کی گانا چرانے پر پاکستانی گلوکار سے معذرت

ایک نیوز : پاکستان فنکار عمر ندیم نے معروف بھارتی گلوکار سونو نگم پر اپنے نغمے کی دھن، اور الفاظ چرانے کا الزام عائد کیا تو سونو نگم نے وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کرلی۔

 سونو نگم نے پاکستانی فنکار عمر ندیم سے کہا کہ انہیں اس بات کا علم نہیں تھا کہ جو نغمہ رواں ماہ کے اوائل میں ان کی آواز میں ریلیز ہوا، وہ ان کے ہی ایک نغمے کی نقل ہے۔

 واضح رہے کہ رواں دسمبر کے اوائل میں 'سن ذرا' نامی ایک نغمہ ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بارے میں عمر ندیم کا کہنا ہے کہ یہ نغمہ ان کے پرانے نغمے 'اے خدا' کی نقل ہے۔

گلوکار سونو نگم نے اپنے رد عمل میں نہ صرف نغمے کی مماثلت کو تسلیم کیا بلکہ عمر ندیم سے معافی بھی مانگی، انہوں نے اپنے گانے اور عمر کی تخلیق کے درمیان غیر ارادی مماثلت کے بارے میں بات کرتے ہوئے اپنی ایک پوسٹ میں عمر کے کام کے لیے اپنے گہرے احترام کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ مماثلتیں محض اتفاقی تھیں، انہوں نے انسٹاگرام پر لکھا، ''آپ سب جانتے ہیں کہ میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ مجھے کے آر کے (کمال آر خان) نے یہ گانا گانے کی درخواست کی تھی، جو دبئی میں میرے پڑوسی ہیں، تو پھر میں انکار نہ کر سکا، حالانکہ میں سب کے لیے گانا نہیں گاتا ہوں اگر میں نے عمر ندیم کا ورژن پہلے سنا ہوتا، تو میں اسے کبھی نہ گاتا۔

عمر نے ان کی اس پوسٹ کے رد عمل میں لکھا، ''میں آپ سے متفق ہوں، میں نے اپنے بیان میں کہیں بھی یہ نہیں کہا کہ آپ نے ایسا کیا ہے۔ ہمیشہ کی طرح خبروں نے ایک مختلف موڑ لے لیا، میں تو آپ کے گانے سن کر بڑا ہوا ہوں اور آپ سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ میں آپ کا بہت بڑا پرستار ہوں۔ آپ سے پیار کرتا ہوں!

  سونو نگم نے لکھا، ''آپ نے یہ نغمہ مجھ سے بھی بہتر گایا ہے۔ میں معذرت خواہ ہوں کہ میں نے آپ کا نغمہ نہیں سنا، میں نے اسے ابھی سنا۔ زبردست، غیر معمولی نغمہ ہے اور آپ نے یقیناً اسے مجھ سے بہتر گایا ہے۔ اسے جاری رکھیے۔ انشاء اللہ، آپ کو اس کی وجہ سے مزید عزت ملے گی، بہت سا پیار اور دعائیں۔

''اس کے جواب میں عمر نے کہا، ''آپ کی طرف سے میرے لیے یہ کہنا بہت معنی رکھتا ہے! اس وقت دنیا میں آپ سے زیادہ سریلی یا متنوع  کوئی گلوکار نہیں ہے۔ آپ کے لیے بے پناہ عزت!'' سونو نگم کی آواز میں 'سن ذرا' نامی نامی نغمہ ڈی جے شیز ووڈ اور کمال آر خان نے مل کر ٹی سیریز کے لیے دو دسمبر کو ریلیز کیا تھا۔