ایک نیوز :ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر، اسلام آباد میں کیس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کردیاگیا۔
ڈائریکٹر جنرل فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی محسن حسن بٹ نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرمیں منعقدہ تقریب میں نئے کیس مینجمنٹ سسٹم کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب میں تمام ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز اور ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ جبکہ تمام زونل ڈائریکٹرز نے بذریعہ زوم شرکت کی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن ونگ بشارت محمود شہزاد نے ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ کو نئے کیس مینجمنٹ سسٹم کی افادیت اور خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دی۔
نئے سسٹم میں ڈیٹا کو محفوظ کرنے اور معلومات کو خفیہ رکھنے کے جدید ترین طریقہ کار کا استعمال کیا گیا ہے۔ نئے سسٹم کو جدید ترین ٹیکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے بنایا گیا ہے نئے سسٹم کے ذریعے شہری اپنی درخواست بذریعہ آن لائن فارم بھی جمع کروا سکیں گے اس سسٹم میں مجرمان کا ریکارڈ مرتب کرنے کا جدید نظام وضع کیا گیا ہے آن لائن سسٹم کو ایف آئی اے ہیلپ لائن سے بھی منسلک کر دیا گیا ہے۔
نئے سسٹم کے ذریعے شہری اپنی درخواست پر کارروائی کی تفصیل ایف آئی اے کی ہیلپ لائن 1991 کے ذریعے بھی معلوم کر سکیں گے نئے سسٹم سے شہریوں کی جانب سے آن لائن درج کروائی گئی شکایت خودکار طریقہ سے متعلقہ ایف آئی اے زون میں اسی وقت منتقل ہو جائے گی۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے ایف آئی اے کیس منیجمنٹ سسٹم ٹیم کے افسران کی کاوشوں کو سراہا۔ٹیم میں ارسلان محمود وٹو ، ڈپٹی ڈائریکٹر ، نعمان احمد خان ،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، احسن احمد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، حسین علی مغل،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ، طیبہ فاروق، انسپکٹر ، عمار مظہر ، انسپکٹر ، ماجد محمود، ایس آئی اور محمد عثمان غنی ٹیکنیکل اسسٹنٹ شامل ہیں۔