راولپنڈی: 15کروڑ تاوان ادائیگی کے بعد ٹک ٹاکر بازیاب، 4 ملزمان گرفتار

راولپنڈی: 15کروڑ تاوان ادائیگی کے بعد ٹک ٹاکر بازیاب، 4 ملزمان گرفتار
کیپشن: Rawalpindi: Tik Toker recovered after paying 15 crore ransom, 4 accused arrested

ایک نیوز: راولپنڈی میں 25 کروڑ تاوان کیلئے اغواء کیا جانے والے ٹک ٹاکر مبینہ طور پر 15 کروڑ تاوان ادا کیے جانے کے بعد بازیاب کروا لیا گیا۔ تاہم پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 اغواء کاروں کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق اغواء کاروں کی شناخت عرفان، منظور، علی اور مبین کے نام سے ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق ٹک ٹاکر گھر سے کھیلنے کے لئے نکلا تو ملزمان نے اغواء کیا۔ راولپنڈی پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کر کے مغوی کو بحفاظت بازیاب کروایا۔ 

سنگین واقعہ پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے ایس پی صدر کی زیر نگرانی ٹیمیں تشکیل دی تھیں۔ پولیس نے قریب ایک ماہ کی انتھک محنت اور کاوشوں سے مغوی کو بازیاب کروایا۔ 

پولیس حکام نے واضح کیا ہے کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں اور سہولت کاروں کو بھی گرفتار کیا جائے گا۔ تاہم مغوی کے اہلخانہ نے پولیس کو اطلاع دیے بغیر تاوان کی رقم کا کچھ حصہ اغواکاروں کو ادا بھی کیا تھا۔ 

بازیابی کے بعد مغوی کی ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ مغوی نے پنجاب پولیس اور راولپنڈی پولیس کا شکریہ ادا کیا۔ مغوی کی بحفاظت بازیابی اور چار ملزمان کی گرفتاری پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر، اے ایس پی صدر، ایس ایچ او روات اور پولیس ٹیمز کو شاباش دیں۔ 

سی پی او نے اپنے بیان میں کہا کہ مغوی کی بحفاظت بازیابی بڑی کامیابی ہے۔