ڈاکٹرز کا شعبہ عبادت کا شعبہ ہے جتنی قدر کریں کم ہے، محسن نقوی

Dec 15, 2023 | 15:03 PM

ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ڈاکٹرز کا شعبہ عبادت کا شعبہ ہے۔ جس کے جتنی قدر کریں وہ کم ہے۔ ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں گے، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض پورا کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے 43 ویں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ڈاکٹرز کا پروفیشن عبادت کے مترادف ہے جتنی بھی قدر کی جائے کم ہے۔ دن رات کام کرنے والے ڈاکٹر، نرسیں اور پیرا میڈیکل سٹاف قابل تحسین ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کو بیماری لگنے کا علم ہونے کے باوجود مریض کا علاج کرتا ہے۔ بلوچستان میں کانگو وائرس سے ڈاکٹر شہید ہوئے ہیں کیونکہ وہ مریضوں کا علاج کررہے تھے۔ ڈاکٹرز جان کی پروا کیے بغیر روزانہ ہزاروں قسم کے مریضوں کا علاج کرتے ہیں۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ 31جنوری تک ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل کرلیں گے۔ تمام بڑے ہسپتالوں کی حالت بہترین کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ جنرل، سروسز، وکٹوریہ، ہولی فیملی اور دیگر ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن میو ہسپتال کی طرز پر کی جارہی ہے۔ ہم مجموعی طور پر ہسپتالوں کے 6لاکھ مربع فٹ ایریا پر اپ گریڈیشن کا کام کررہے ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ طلبہ کے ہاسٹل کی بری حالت تھی۔ انہیں بھی اپ گریڈ کررہے ہیں، کام شروع ہوگیا ہے۔ نرسز کے ہاسٹل کی بری حالت تھی وہ بھی اپ گریڈ کرنے جارہے ہیں۔ ڈاکٹر اونر شپ نہیں لیں گے تو ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے پراجیکٹ ضائع جائیں گے۔ ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن ہمارا فرض ہے ہم پورا کررہے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کنگ ایڈورڈ پاکستان کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کیا جائے گا۔ کنگ ایڈورڈ سے منسلک تمام ہسپتال کی اپ گریڈیشن کی جارہی ہے جو کہ ایک دو ماہ میں مکمل ہوجائے گی۔ 

انہوں نے ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر آپ لوگ اپنی یونیورسٹی کے ہسپتالوں کی اونر شپ لیں گے کہ میں نے اس کا خیال رکھنا ہے تو 10سے 20سال بہتر حالت میں رہیں گے۔ ہمارا جو فرض ہے ہم پورے کریں گے، بڑی امید ہے کہ ڈاکٹرز بھی اپنا فرض پورا کریں گے۔ 

قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پہنچے۔ جہاں انہوں نے 13ویں سالانہ 5 روزہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سرجیکل ٹاور ڈاکٹر فیصل مسعود کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا۔ 

وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج کے طلبہ اور اساتذہ کے اسٹالز کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دماغ میں رسولی کی نشاندہی کرنے والا  برین ٹیومر ڈیٹیکٹر او سی ٹی پائی تھون کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کنگ ایڈورڈ کے ڈاکٹرز کا تیار کردہ لیپروسکوپی سٹملیٹر دیکھا۔ 

وزیر اعلیٰ نے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں تیار کردہ ہوم ڈائلسز مشین بھی دیکھی۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے پلاسٹک سرجری مقامی طور پر تیارکردہ سرجیکل انسٹرومنٹ کا بھی معائنہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے شاٹیکا پین کے لئے تیار کردہ خصوصی مشین کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر اعلیٰ محسن نقوی کو کنگ ایڈورڈ کے بیرون ملک فارغ التحصیل ڈاکٹرز نے ہزاروں ڈالر کی عطیات پیش کیں۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج یونیورسٹی کے لئے ڈونیشن دینے والے فارغ التحصیل ڈاکٹرز کو شیلڈز بھی دی گئیں۔ 

وائس چانسلر  کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمود ایاز نے طلبہ اور فیکلیٹی کی طرف سے وزیر اعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم، ڈاکٹر فیصل خالد مسعود گوندل، دیگر وائس چانسلر، سیکرٹری ہیلتھ ا ور  دیگر ڈاکٹر اور متعلقہ حکام بھی موجودتھے۔

مزیدخبریں