جسٹس مظاہر نقوی کابینچ کی تشکیل پراعتراض، سماعت8 جنوری تک ملتوی

Dec 15, 2023 | 14:23 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز: سپریم جوڈیشل کونسل میں شکایات کیخلاف جج جسٹس مظاہرنقوی کی درخواستوں پر سماعت 8 جنوری تک ملتوی۔

تفصیلات  کے مطابق جسٹس مظاہر نقوی کی درخواست پر جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں تین رکنی بنچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی بینچ کا حصہ ہیں۔

جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل نے بنچ کی تشکیل پہ اعتراض اٹھا دیا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ کی یہ دلیل ہے کہ 3 رکنی بنچ کمیٹی نے نہیں بنایا۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ جی بلکل ایسا ہی ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ 3 رکنی کمیٹی کا معاملہ انتظامی ہے۔

وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر کمیٹی اجلاس کے منٹس موجود ہیں،بنچ تشکیل ہی نہیں دیا گیا۔

جسٹس مسرت ہلالی نے ریمارکس دیئے کہ کیا آپ کا کسی جج پر بھی اعتراض ہے۔

مخدوم علی خان نے کہا کہ اعتراض بنچ کے ممبران پر نہیں تشکیل دینے کے طریقہ کار پر ہے۔

جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس معاملے پر الگ درخواست دائر کریں۔

 مخدوم علی خان نےر یمارکس دیئے کہ معاملہ عدالت کے اختیار میں ہے اس لئے پہلی فرصت میں نوٹس میں لا رہا ہوں،درخواستوں پر سماعت کرنے کیلئے بنچ دراصل تشکیل ہوا ہی نہیں،کمیٹی کے رکن جسٹس اعجاز الاحسن کا خط بھی سپریم کورٹ ویب سائٹ پر موجود ہے،اعتراض کے حوالے سے الگ درخواست کہتے ہیں تو وہ بھی دائر کر دینگے،پریکٹس اینڈ پروسیجر قانون کے تحت 184/3 کی درخواستیں پہلے تین رکنی کمیٹی کو جاتی ہیں،بنیادی حقوق کے مقدمات تین جبکہ آئینی تشریح کے پانچ رکنی بنچ سن سکتے ہیں۔

 جسٹس امین الدین خان نے ریمارکس دیئے کہ کیا موجودہ کیس میں بھی آئینی تشریح کا نکتہ ہے؟

جسٹس مظاہر نقوی کے وکیل مخدوم علی خان نے کہا کہ آئینی تشریح کا نکتہ آگے چل کر آئے گا،پہلی تین ججز کے بنچ پر ہی بات کر لیتے ہیں،تین رکنی کمیٹی ہی بنچ تشکیل دے سکتی ہے،کمیٹی کے منٹس سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔

جسٹس امین الدین خان نےریمارکس دیئے کہ سردیوں کی چھٹیاں آ رہی ہیں اس دوران ہم میں سے کوئی دستیاب نہیں ہوگا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں بتایا گیا کہ کمیٹی نے بنچ تشکیل دیا ہے، ہم اپنی مرضی یا خوشی سے تو کیس سننے نہیں آئے۔

وکیل انور منصور نے کہا کہ سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی جاری ہے۔

جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیئے کہ آپ اس بنچ سے حکم امتناع مانگ رہے ہیں جو آپ کے مطابق تشکیل ہی نہیں پایا۔

بعد ازاں سپریم کورٹ نے جسٹس مظاہر نقوی کی درخواستوں پر سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں