آرمی چیف کا دورہ امریکا: اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے ملاقاتیں

Dec 15, 2023 | 14:13 PM

ایک نیوز: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق جنرل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری) کے جاری دورہ امریکا کے دوران اہم امریکی حکومتی عہدیداروں اور عسکری حکام سے  ملاقاتیں کی ہیں۔ 

ان اہم ملاقاتوں میں انٹونی جے بلنکن(سیکرٹری آف سٹیٹ)،  جنرل لائیڈ جے آسٹن (ریٹائرڈ) سیکرٹری دفاع  کے ساتھ ساتھ وکٹوریہ نولینڈ(نائب وزیر خارجہ)، جوناتھن فائنر(نائب قومی سلامتی مشیر) اور جنرل چارلس کیو براؤن سمیت چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف شامل ہیں۔ 

ملاقاتوں میں دوطرفہ دلچسپی، عالمی اور علاقائی سلامتی کے باہمی امور کے ساتھ ساتھ جاری بین الاقوامی تنازعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں اطراف نے مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے دوطرفہ تعاون کی ممکنہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دفاعی حکام کے ساتھ ملاقاتوں کے دوران انسداد دہشت گردی  اور دفاعی تعاون کے شعبوں کو بنیادی اہمیت دی گئی۔ دونوں سائیڈز نے باہمی دلچسپی کے اُمور پر بات چیت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے علاقائی سلامتی کو درپیش چیلنجز اور جنوبی ایشیا میں علاقائی سلامتی کو متاثر کرنے والے پہلوؤں پر ایک دوسرے کے نقطہ نظر کو سمجھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اس تناظر میں، آرمی چیف نے خاص طور پر مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی قانون اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ آرمی چیف نے پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام استقبالیہ میں بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سے بھی بات چیت کی۔

آرمی چیف نے بیرون ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کی ملکی ترقی کے لیے کیے جانے والے مثبت کردار اور کوششوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے  SIFC کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہُوئے بیرون ملک  پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی۔ 

آرمی چیف نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ”امریکہ پاکستان کے لیے سب سے بڑی ایکسپورٹ مارکیٹ ہے جو ہماری کل برآمدات کا 21.5 فیصد ہے۔ آرمی چیف نے  بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے ویزوں کی رکاوٹ، خصوصی اسکریننگ، اور اِس طرح کے دیگر گمراہ کن افواہوں کو رد کیا۔

آرمی چیف نے اپنے بیان میں کہا کہ ” پاکستان میں بیرون ملک پاکستانیوں کو  انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے- بیرون ملک پاکستانی، پاکستان کے سفیر اور اثاثہ ہیں۔ 

آخر میں بیرون ملک پاکستانی  کمیونٹی نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا فخر ہیں اور افواج کی پاکستان کے لیے خدمات کو سراہا- آرمی چیف نے بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی کے لیے اپنی بہترین خواہشات کا اظہار کیا۔

مزیدخبریں