ویب ڈیسک: نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلےکو جوتے کی نوک پررکھتے ہیں، کوئی بھی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی۔
مظفر آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کا کہنا تھا کہ کوئی بھی عدالت کشمیریوں کے مستقبل کا فیصلہ نہیں کرسکتی، بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، بھارت اپنی حد میں رہے اپنی حد کراس نہ کرے۔
نگراں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کا یکطرفہ فیصلہ کسی صورت قبول نہیں، کشمیر کا فیصلہ یو این قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیئے، کشمیر کبھی بھی بھارت کا حصہ نہیں تھا نہ ہوگا۔
انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ تمام کشیری دبنگ ہیں ایسا کوئی نظر نہیں آیا جو دبنگ نہ ہو، مقبوضہ کشمیر کے شہریوں کو اپنا شہری سمجھتے ہیں، اور اپنے شہریوں کی کسی صورت پامالی نہیں ہونے دیں گے، جہاں کارروائی کی ضروت ہوگی کارروائی کریں گے۔
نگراں وزیراعظم نے مزید کہا کہ تحریک ٓآزادی کشمیر کو متحرک رہنا چاہیئے، آزادی کی تحریک کے لیے تمام مکتبہ فکر کو متحد ہونا پڑے گا، کشمیری قیادت سے مل کر فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر اجلاس ہوگا، جلد ہی اسلام آباد میں دوبارہ اجلاس ہوگا، تحریک کو کیسے جلا بخشنی ہے بات چیت ہوگی، نگراں وزیر خارجہ اور ہمارے مشن متحرک نظر آئیں گے۔
نگران وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کا خصوصی اجلاس
دریں اثناء نگران وزیراعظم کی زیر صدارت آزاد جموں و کشمیر کی کابینہ کا خصوصی اجلاس آج مظفرآباد میں منعقد ہوا ۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم اور کابینہ نے بھارتی سپریم کورٹ کی جانب سے جموں و کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کی توثیق کے بعد کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے پر وزیراعظم کاکڑ کا شکریہ ادا کیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم اور کابینہ کی جانب سے وزیراعظم پاکستان کی آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں گزشتہ روز کی تقریر کی زبردست پذیرائی کی گئی۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے دونوں اطراف کے کشمیریوں کے دل جیت لئے اور ان کے جذبات کی بھرپور ترجمانی کی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کی تقریر کو کشمیری عوام، اوورسیز کشمیریوں ، کشمیری اکادیمیہ ، سول سوسائٹی اور میڈیا کی جانب سے بھرپور طریقے سے سراہا گیا۔
آزاد جموں و کشمیر کے کابینہ ارکان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے دلیرانہ مؤقف نے کشمیریوں میں امید کی نئی کرن پیدا کے ہے۔
اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کاکڑ نے کہا کہ میں آزاد جموں وکشمیر میں ریاست پاکستان کا مؤقف دہرانے آیا ہوں کہ پاکستان کشمیریوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر کا تنازعہ کی حیثیت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے؛ بھارت اپنے غاصبانہ ہتھکنڈوں سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتا۔
وزیر اعظم پاکستان نے آزاد جموں و کشمیر کے تمام مسائل خصوصاً مالی مسائل حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا شونٹر ٹنل، مری-مظفرآباد ایکسپریس وے، مانسہرہ -مظفرآباد-منگلا، میرپور ایکسپریس وے کی تعمیر کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون اور مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کا بذریعہ سڑک رابطہ انتہائی ضروری ہے جس کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کی تمام وزارتوں میں آزاد جموں و کشمیر کے حوالے سے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروایا جائے گا۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر کی سیاحت کی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہئے۔