ایک نیوز:لاہور ہائیکورٹ نے شیر افضل مروت کی نظر بندی پر سماعت میں ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کردیئے۔
تفصیلا ت کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں شیر افضل مروت کی نظر بندی پر جسٹس شہرام سرور چوہدری نے درخواست پر چیمبر میں سماعت کی۔سردار لطیف کھوسہ دلائل کے لیے عدالت پیش ہوئے۔
عدالت نے ڈی سی لاہور سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت پیر تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے معروف وکیل شیر افضل مروت کی نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائر کر دی گئی۔
نظر بندی کے خلاف اپیل لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی نائب صدر ربیعہ باجوہ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
درخواست لطیف کھوسہ اور عرفان کلار ایڈووکیٹس کی وساطت سے دائر کی گئی ہے۔درخواست میں پنجاب حکومت،ضلعی انتظامیہ کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ ڈی سی لاہور نے شیر افضل مروت کے خلاف غیر قانونی نظر بندی کا حکم جاری کیا،شیر افضل مروت کو سیاسی بنیادوں پر نظر بند کیا گیا ہے،عدالت نظر بندی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے۔