ایک نیوز: ملک بھر میں آخر کار سردی آہی گئی۔ ٹھنڈ نے ہر جگہ ڈیرے جما رکھے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ظاہر کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک کےبالائی علاقے ہوں یا میدانی، سب ہی خشک سردی کی لپیٹ میں ہیں۔ پہاڑی علاقوں میں خون جما دینے والی سردی کا راج برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اس دوران مغربی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔
شمال مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش متوقع ہے۔ موسم کا حال سنانے والوں نے بلند پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان بھی ظاہر کر دیا ہے۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔
بالائی علاقوں میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے گر گیا۔ اسکردو کا درجہ حرارت منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کالام ، گلگت منفی 05، گوپس، منفی 04،ہنزہ،دیر اور استور میں درجہ حرارت منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔