1971 میں بہاریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی داستان 

Dec 15, 2023 | 08:50 AM

ایک نیوز: 1971ء کی پاک بھارت جنگ تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ خطے میں دہشتگردی پھیلانے اور دہشتگرد تنظیموں کی پشت پناہی میں بھارتی کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ 

1971ء میں بھارت نے مکتی باہنی جیسی دہشتگرد تنظیم کو محب وطن پاکستانیوں کے خلاف حملوں میں استعمال کیا۔ دہشتگرد مکتی باہنی نے نہتے اور معصوم لوگوں خصوصاً بہاری کمیونٹی کے محب وطن پاکستانیوں پر وہ مظالم ڈھائے جس کی مثال نہیں ملتی۔ 

بہاری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ممتاز انصاری بھی ان متاثرہ پاکستانیوں میں سے ہیں۔ جنہوں نے پاکستان کی عزت و عظمت کیلئے اپنا سب کچھ لٹا دیا۔ 

ممتاز انصاری اپنی آب بیتی سناتے ہوئے کہتے ہیں کہ "1971 میں بھارت کا کردار بہت منفی رہا کیونکہ بھارت نے روزِ اول سے پاکستان کو تسلیم نہیں کیا"۔ "1971 کی جنگ میں بنگالی اور بہاری برادری پاکستان کے ساتھ کھڑی تھی"۔ "بہاری اور مشرقی پاکستان کے لوگوں کو معلوم تھا کہ پاک فوج نے انکی حفاظت کے لئے اپنی جان، مال اور عزت سب داؤ پر لگادیا"۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ "مکتی باہنی کے دہشتگردوں نے بہاریوں سے زبردستی "جے بنگلا" کے نعرے لگوائے"۔ "بہاریوں کے "جے بنگلا" نہ بولنے پر مکتی باہنی کے دہشتگردوں نے ان کے منہ میں جلتے ہوئے انگارے ڈال دیے"۔ "بھارت نے اپنے جرائم اور کالے کرتوتوں پر پردہ ڈالنے کے لئے الزام پاک فوج پر لگادیا"۔

انہوں نے بتایا کہ "پاک فوج ایک منظم ادارہ ہے انہوں نے کبھی بہاریوں پر ظلم نہیں کیا"۔"میں چشم دید گواہ ہوں کہ پاک فوج کے جوانوں نے ہماری عزت و آبرو کی حفاظت کی اور لوگوں کی جانیں بچائیں"۔ "دہشتگردمکتی باہنی بھارت کے ناپاک ایجنڈے پر چل رہےتھے"۔ "بھارت کو اندازہ ہے کہ وہ براہِ راست پاکستان کا مقابلہ نہیں کر سکتا جس کے باعث وہ اپنی فلموں اور ڈراموں کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کے ذہنوں کو خراب کرنے کی کوشش کر رہا ہے"۔ 

انہوں نے بتایا کہ "بھارت ہمارے فوجیوں کے بارے میں غلط مواد شائع کر رہا ہے"۔ "ہم پاک فوج کے ساتھ کل بھی کھڑے تھے، آج بھی کھڑے ہیں اور تاحیات کھڑے رہیں گے"۔

مزیدخبریں