سابق وزیراعظم نے 4 تقاریر سے کروڑوں روپے کمائے

  سابق وزیراعظم نے 4 تقاریر سے کروڑوں روپے کمائے

ایک نیوز نیوز: برطانیہ کے سابق وزیراعظم بورس جانسن نے وزارت عظمیٰ کا عہدہ چھوڑنے کے بعد تقریریں کرکے 10 لاکھ پونڈز، جو کہ پاکستانی کرنسی میں 2 کروڑ 75 لاکھ بنتے ہیں، کما لیے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق بورس جانس گزشتہ 3 ماہ کے دوران محض 4 تقاریر کرکے وہ 10 لاکھ پاؤنڈز سے زیادہ کما چکے ہیں۔

برطانوی اراکین پارلیمان کے مالی اثاثوں کے ریکارڈ کے مطابق 58 سالہ بورس جانسن کو اکتوبر اور نومبر میں 4 تقاریب میں خطاب کرنے پر 10 لاکھ 30 ہزار 782 پاؤنڈز معاوضہ ملا۔

درحقیقت وہ ہر گھنٹے کے 30 ہزار پاؤنڈز معاوضہ لیتے ہیں۔

نیویارک میں امریکی مالیاتی کمپنی سینٹر ویو پارٹنرز کی تقریب میں خطاب پر انہیں 2 لاکھ 77 ہزار 724 پاؤنڈز دیے گئے جبکہ سفری اور رہائش کے اخراجات بھی امریکی کمپنی نے اٹھائے۔

مجموعی طور پر بورس جانسن نے اس کمپنی کو 9 گھنٹے کا وقت دیا۔

اس کے علاوہ ہندوستان ٹائمز کی ایک تقریب سے خطاب کے لیے انہیں 2 لاکھ 61 ہزار 652 پاؤنڈز معاوضہ دیا گیا جبکہ سی این این گلوبل سمٹ میں تقریر کرنے پر 2 لاکھ 15 ہزار 276 پاؤنڈز دیے گئے۔

کونسل آف انشورنس ایجنٹس اینڈ بروکرز کانفرنس میں خطاب سے ان کے بینک اکاؤنٹ میں 2 لاکھ 76 ہزار 130 پاؤنڈز کا اضافہ ہوا۔