ایک نیوز نیوز: امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔ جہاں ان کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے اہم ملاقات ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر )کے مطابق امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل مائیکل ایرک کوریلا نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے یادگار شہداء پر پھول رکھے، جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے جنرل مائیکل ایرک کوریلا کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمانڈر سینٹ کام نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، وفود کی سطح پربھی بات چیت ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی استحکام اور سلامتی کی صورتحال سمیت دفاعی اور سیکیورٹی تعاون بالخصوص فوجی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنرل مائیکل ایرک نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں، سیلاب سے ریلیف اور علاقائی امن کے لئے کوششوں کا اعتراف کیا۔ وفد طورخم کا دورہ بھی کرے گا، جہاں انہیں انسداد دہشت گردی اور پاکستان افغانستان بارڈر پر بارڈر مینجمنٹ کے امور سے آگاہ کیا جائے گا۔