ایک نیوز نیوز: وزیر اعظم نے توانائی کے بحران اور معاشی صورتحال پر اجلاس طلب کرلیا،شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام پورا کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی معاشی صورتحال اور آئی ایم ایف ریویو کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں سینیٹر اسحاق ڈار، مصدق ملک، خرم دستگیر سمیت متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک تھے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ مالیاتی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ روکنے کے اقدامات کیے جائیں۔وزیر اعظم نے ڈالر ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا فرق کم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیر اعظم نے اجلاس میں معاشی ٹیم سے برآمد کنندگان کو بھرپور سہولتیں فراہم کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں جب کہ آئی ٹی برآمدات کا حجم بڑھانے کا بھی کہا۔
وزیر اعظم نے معاشی ٹیم سے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کریں تاکہ وہ بینکنگ چینلز سے رقوم پاکستان بھجوائیں۔اجلاس میں معاشی ٹیم کی جانب سے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ملک ڈیفالٹ نہیں کررہا، ڈیفالٹ کرنے کی افواہیں گم راہ کن ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ملک میں گیس کی کمی اور توانائی کی ضروریات کا جائزہ لیا گیا،بجلی کی پیداوار اور طلب و رسد پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی،ملک میں موسم سرما میں گیس لوڈ پلان پر بھی وزیر اعظم کو بریف کیا گیا،توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے سے متعلق وزیر اعظم نےمتعلقہ وزارتوں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔