ایک نیوز نیوز: ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے اپنی سربراہی میں گلبرگ میں سکول کنٹینوں کی انسپکشن کی۔ استعمال شدہ ناقص آئل کے دوبارہ استعمال پر ایک کینٹین بند کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ صوبہ بھر میں اب تک 632 سکول کنٹینوں کی چیکنگ کی جاچکی ہے جبکہ قوانین کی خلاف ورزی پر 97 پر جرمانے عائد کیے گئے ہیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی مدثر ریاض ملک نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ معمولی نقائص پر مزید بہتری کے لیے 420کینٹینوں کو اصلاحی نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔ لاہورزون میں 220،راولپنڈی 176اور ملتان زون میں 236سکول کینٹینز کو چیک کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ صفائی کے ناقص انتظامات اور اشیاء خورو نوش کو بغیر ڈھانپے رکھنے پر جرمانے عائد کیے گئے۔ چیکنگ مہم کا مقصد فوڈ سٹینڈرڈز کے متعلق مکمل آگاہی دینا ہے۔ تعلیمی اداروں میں فروخت ہونیوالی اشیائے خورونوش کو3مختلف کیٹیگریز سرخ،پیلا اور سبزمیں تقسیم کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سکولوں میں کاربونیٹیڈ، انرجی ڈرنکس، مصنوعی مشروبات کے علاوہ گٹکا اورچھالیہ کی فروخت پر مکمل پابندی عائد ہے۔ آئس لولیز اوربرف گولا سمیت بچوں کی صحت کو متاثر کرنیوالی اشیائے خورونوش کی فروخت بھی ممنوع ہے۔
صاف پانی، تازہ پھل و سبزیاں اور ڈیری پراڈکٹس ترجیحی بنیادوں پر فروخت کی جاسکتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ نیشنل نیوٹریشن سروے کے مطابق پاکستان کے 44فیصد بچے غذائیت کی کمی کا شکار پائے گئے۔ پنجاب فوڈاتھارٹی کی ٹیمیں صوبہ بھر میں قائم سرکاری و پرائیویٹ سکولز کی کینٹینز پر نظر رکھیں گی۔ ممنوعہ اشیاء کی موجودگی پائی گئی تو بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی کی جائے گی۔