لاہور ہائیکورٹ: توہین عدالت کی درخواست، چیف سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب

لاہور ہائیکورٹ: توہین عدالت کی درخواست، چیف سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب
کیپشن: Lahore High Court: Contempt of Court request, response from Chief Secretary Punjab(file photo)

ایک نیوز نیوز: لاہور ہائیکورٹ میں ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری کو عہدے سے ہٹانے کے معاملے پر سماعت ہوئی۔

تفصیلات کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس مزمل اختر شبیر نے شہری رحمان چودھری کی درخواست پر سماعت کی۔ 

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ریٹائرڈ افسر کامران لاشاری کو خلاف قانون ڈی جی والڈ سٹی اتھارٹی تعینات کیا گیا۔ اس تعیناتی کیخلاف ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ جس پر عدالت نے چیف سیکرٹری کو درخواست بھجواتے ہوئے قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کا حکم دیا۔ 

درخواست میں مزید کہا گیا کہ چیف سیکرٹری پنجاب نے تاحال درخواست پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ چیف سیکرٹری کا عدالتی حکم نہ ماننا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت چیف سیکرٹری پنجاب کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔ عدالت نے درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب کرلیا۔