ایلون مسک کے پرائیویٹ جہاز کو ٹریک کرنے والا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل

ایلون مسک کے پرائیویٹ جہاز کو ٹریک کرنے والا ٹوئٹر اکاؤنٹ معطل
کیپشن: Twitter account tracking Elon Musk's private jet suspended(file photo)

ایک نیوز نیوز: ایلون مسک نے ایک اور اکاؤنٹ معطل کردیا۔ یہ اکاؤنٹ ٹوئٹر کے مالک کے جہاز کو آن لائن ٹریک کررہا تھا۔ 

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹوئٹر اکاؤنٹ کو چلانے والے 20 سالہ نوجوان نے اپنے اکاؤنٹ پر بتایا کہ @ElonJet اکاؤنٹ معطل کردیا گیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکی نوجوان پروگرامر جیک سوینے نے ایک سافٹ ویئر  بنارکھا ہے جو خودکار طریقے سے دنیا کے دوسرے امیر ترین شخص ایلون مسک کے ذاتی جہاز کی نقل و حرکت کو ٹریک کرتا ہے اور یہ معلومات مذکورہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی سے پوسٹ کی جاتی تھیں جس سے ساری دنیا ایلون مسک کے طیارے کی نقل و حرکت سے آگاہ رہتی تھی۔

گزشتہ ماہ ایک ٹوئٹ میں ایلون مسک نے کہا تھا کہ آزادی اظہار کے لیے وہ اپنے طیارے کی معلومات بتانے والے اکاؤنٹ کو بھی بند نہیں کریں گے حالانکہ یہ ذاتی طور پر ان کی حفاظت کے لیے خطرہ ہے۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں جیک سوینے نے دعویٰ کیا تھا کہ 2021 میں ایلون مسک نے اسے 5 ہزار امریکی ڈالر کی پیشکش کی تھی تاکہ وہ اپنا ' بوٹ' اکاؤنٹ بند کردیں لیکن اس نے یہ پیشکش ٹھکرادی تھی۔

 ایک ٹوئٹ میں جیک سوینےکا کہنا تھا کہ کیا یہ پیشکش 50 ہزار ڈالر سے اوپر جانےکا کوئی امکان ہے؟ اس سے میرے تعلیمی اخراجات پورے کرنے میں مدد ملے گی اور شاید میں ٹیسلا کی ایک کار بھی خرید سکوں گا۔

خیال رہے کہ جیک سوینےکی جانب سے ایلون مسک کے جہاز کی معلومات شیئر کرنے کے لیے دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔