ایک نیوز: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے دریائے چناب کے ملحقہ علاقوں میں ممکنہ شدید طغیانی اور پنجاب کے شہری علاقوں میں بارشوں سے سیلابی صورتحال کے متوقع خطرے سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت جاری کردی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے 25 اگست تک مون سون کے متوقع شدید اسپیل کی ڈیش بورڈ سے خود نگرانی کر رہا ہوں ،این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم ایز، ریسکیو و ریلیف کے ادارے، سول ڈیفنس اور ضلعی انتظامیہ دریائے چناب کے کیچمنٹ ایریا اور بارشوں سے سیلابی صورتحال کے خطرے سے دوچار شہروں میں عوام کی حفاظت کیلئے ہر دم تیار رہیں ،کسی بھی ہنگامی صورتحال میں لوگوں کے انخلاء و ریسکیو، نکاسی آب، ادویات، خیمے و دیگر امدادی اشیاء کی ترسیل کیلئے مکمل تیاری یقینی بنائی جائے ۔
شہباز شریف نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا بارشوں و سیلابی صورتحال سے متوقع طور پر متاثر ہونے والے علاقوں میں شہریوں کو صورتحال سے مکمل آگاہ رکھا جائے ،نہروں، ندی نالوں اور دریا کے گرد متوقع سیلابی ریلوں کو روکنے کیلئے پیشگی حفاظتی اقدامات کئے جائیں ،یقینی بنایا جائے کہ شہریوں کو ہر پل صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے این ڈی ایم اے کی ڈیزاسٹر الرٹ ایپلی کیشن کے بارے آگاہی پہنچے ۔