بجلی کے مہنگے بل عوام کیلئے ناقابل برداشت ہیں،نواز شریف 

Aug 15, 2024 | 18:08 PM

ایک نیوز:صدر مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے کہا ہے بجلی کے مہنگے بل عوام کے لیے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی  مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں ۔  

 تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت کا اہم مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منعقد ہوا ،اجلا س کی صدارت صدر مسلم لیگ ن  محمد نواز شریف نے کی ، اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف بھی شریک ہوئے ،اجلاس میں شہریوں کو مہنگائی خاص طورپر بجلی کے مہنگے بلوں میں ریلیف دینے پر تفصیلی غور  کیا گیا ۔  

اس موقع پر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف نے خطاب کے دوران کہا مہنگے بجلی کے بل عوام کے لئے ناقابل برداشت ہیں، پی ٹی آئی  مہنگائی اور مہنگے بل لائی ہے لیکن ہم سے عوام ریلیف کی توقع کرتے ہیں، یہ ہماری صلاحیتوں کا امتحان ہے کہ مشکل ترین حالات میں بھی عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانا، معاشی استحکام واپس لانے کے لئے سیاسی قربانی آپ کی حب الوطنی کاثبوت ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کی طرح اب عوام کو ڈیفالٹ سے بچانا بھی ہمارا بڑا امتحان ہے،مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ مشکلات سے راستہ نکالا ہے ۔  

وزیراعظم شہبازشریف نے پارٹی صدر کو قومی معاشی ایجنڈے کے خدوخال سے آگاہ کیا ،قومی معاشی پلان کو حتمی شکل دینے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف پارٹی صدر محمد نواز شریف کو بریف کریں گے ۔  

وزیراعظم شہباز شریف  پارٹی صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ملک کے تمام مسائل کے حل کے لئے ایک جامع معاشی ایجنڈا تیار کرلیا ہے، 200 یونٹ تک پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ بجلی صارفین کو تین ماہ کے لئے ریلیف دیا ہے، ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب روپے کی کٹوتی کرکے 86 فیصد عوام کو ریلیف دیاگیا   ہے۔  

اجلاس میں وزیراعلی ٰپنجاب مریم نوازشریف  سمیت دیگر پارٹی رہنما اور عہدیدار بھی موجود تھے ۔   

مزیدخبریں