ایک نیوز:وفاقی وزیراطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا انتشاری ٹولے کا احتساب ضروری ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک کو انتشار سے محفوظ رکھنے اور امن و استحکام کے لئے کاوشیں کی جا رہی ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر معاشی و سیاسی استحکام کیلئے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، عوام کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیں گے ۔
انہوں نے کہا وزیراعظم جلد قوم سے خطاب کریں گے، وزیراعظم قوم سے میں آئندہ 5سال کا معاشی منصوبہ قوم کے سامنے پیش کریں گے، ایک ادارے کی جانب سے خود احتسابی کا عمل خوش آئند ہے، خود احتسابی کا عمل ہر ادارے کو اپنانا چاہئے، ایک سیاسی جماعت اور اس کے لیڈر نے ملکی سالمیت پر حملے کئے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی ایماءاور منشا پر ملک کو عدم استحکام کا شکار کیا جا رہا تھا، ملک کو غیر مستحکم کرنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، 9 مئی کے حملے یا آئی ایم ایف کو خط کا مقصد ملک کو عدم استحکام کا شکار کرنا تھا۔
عطاء تارڑ نے کہا ملک کو نقصان پہنچانے والے قانون کے شکنجے میں آئیں گے، جنرل (ر) فیض حمید سے تحقیقات کے بعد مزید 3افسران کو گرفتار کیا گیا، لگتا ہے کہ مزید بھی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی، انتشاری ٹولے کے ساتھ مل کر ان لوگوں نے اس ملک کو نقصان پہنچایا، فوج کا دنیا کے بہترین اداروں میں شمار ہوتا ہے، فوج میں نہ صرف احتساب ہوتا ہے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آتا ہے ۔