امریکی حکومت کی سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرین کیلئے طبی آلات کی فراہمی 

Aug 15, 2024 | 12:14 PM

ایک نیوز: امریکی حکومت نے یو ایس آئی ڈی کے ذریعے سندھ اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ 11 اضلاع کے لیے 2.3 ملین ڈالر کے طبی آلات فراہم کیے ہیں۔ 
سیلاب سے متاثرہ سندھ اور بلوچستان کے اضلاع کے لیے یو ایس ایڈ کی جانب سے طبی آلات فراہم کیے گئے، امریکی حکومت کے تعاون سے 5000 لیڈی ہیلتھ ورکر کٹس، ماؤں نوزائیدہ اور بچوں کی صحت کے 90پیکجز اور 120 برتھ سٹیشنز فراہم کیے، کٹس و طبی سامان سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کےلئے یو ایس اے آئی ڈی کی 27.8 ملین ڈالر کی امداد کا حصہ ہیں۔
 یہ امداد صحت کے مراکز اور لیڈی ہیلتھ ورکرز کے ذریعے 80,000 سے زائد بچوں اور ایک لاکھ سے زائد شادی شدہ خواتین کو پہنچے گی، جون 2022 میں آنے والے سیلاب نے سندھ اور بلوچستان کے صحت مراکز اور ایک کروڑ تیس لاکھ سے زائد افراد کو متاثر کیا ہے، اس بحران نے معمول کے حفاظتی ٹیکوں، زچگی کے دوران خواتین کی صحت اور بچوں کی غذائی قلت کے مسائل کو مزید بڑھادیا۔ 
 مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری کا کہنا ہے کہ طبی سامان سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کے شعبے میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرے گا، صحت کی خدمات کی فراہمی اور متعلقہ سامان کی دستیابی کو یقینی بنا کر، ہم زندگیاں بچا سکتے ہیں،یہ امداد پاکستان کے نظامِ صحت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

مزیدخبریں