ایک نیوز :الیکشن کمیشن نے کسی بھی قسم کی ٹرانسفر اور پوسٹنگ پر پابندی عائد کردی ۔
تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور چاروں چیف سیکرٹریز کو خط لکھا ہے، الیکشن کمیشن نے پیشگی منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کی ٹرانسفر پوسٹنگ پر پابندی عائد کر دی ہے الیکشن کمیشن نے اعادہ کیاکہ کمیشن کی پیشگی منظوری کے بغیر کوئی پوسٹنگ/ٹرانسفر نہیں کی جائے گی۔
الیکشن کمیشن کا مراسلے میں کہنا تھاکہ قومی اسمبلی، سندھ اور بلوچستان اسمبلیاں تحلیل ہو چکی ہیں۔اسمبلی تحلیل کے بعد الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔صاف شفاف اور بروقت انتخابات کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کا کام ہے۔الیکشن کے انعقاد سے متعلق الیکشن کمیشن نے ائینی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔
مراسلے میں کہاگیاالیکشن کے انعقاد کے لیے بہترین ماحول فراہم کیا جائے۔ہر سیاسی پارٹی کو لیول پلینگ فیلڈ دی جائے۔نگران حکومتیں صاف شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن کی معاونت یقینی بنائیں۔ الیکشن کمیشن نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں پر ہر قسم کی ترقیاتی سکیموں پر پابندی عائد کر دی۔الیکشن کمیشن نے اداروں میں بھرتی ہونے والے سیاسی شخصیات کی ملازمت ختم کرنے کا حکم دے دیا۔
مراسلے میں کہاگیا کہ وفاقی اور صوبائی نگران حکومتیں قانون کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر معاملات چلائیں۔نگران حکومتیں پہلے سے جاری بین الاقوامی اور دو طرفہ معاہدوں پر عملدرآمد کروا سکتی ہیں۔
الیکشن کمیشن نے نگران وزیراعظم، وزرائے اعلی اور کابینہ ارکان سے اثاثوں کی تفصیلات 3 روز میں طلب کر لیں۔