شہدائے پاکستان کو سلام: شہداء کے ورثاء کا قوم کو خصوصی پیغام

Aug 15, 2023 | 12:07 PM

ایک نیوز: شہدائے پاکستان کو سلام : آزادی کے ایام میں شہداء کے ورثاء نے قوم کو خصوصی پیغام دیا اور وطن کیلئے سب کچھ قربان کردینے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق وطن کے لئے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے سپاہی ضیاء اکرم شہید نے 6ستمبر 2021 کو وزیرستان میں اور حوالدار تحسین عباسی نے 1 اگست 2023 کو جام شہادت نوش کیا۔ 

سپاہی ضیاء اکرم شہید کے والدین نے بیٹے کی شہادت پر فخر کا اظہار کیا ، سپاہی ضیاء اکرم شہیدکے والد کا کہنا تھا کہ مجھے فخر ہے اس بات پہ کہ میں ایک شہید کا والد ہوں، پاکستان بنانے کے لئے کئی شہیدوں نے اپنی جان کا نذرانہ دے کر اس ملک کو بنایا ہے، ہر موقع پر آرمی ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہید کا والد ہونے کی وجہ سے ہر جگہ عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ 

شہیدکے والد نے مزید بتایا کہ بطور شہید کے والد ہمیں بہت دکھ ہوتا ہے جب آرمی کے خلاف کوئی باتیں کرتا ہے، سپاہی ضیاء اکرم شہیدکی والدہ کا کہنا تھا کہ میرے باقی دو بیٹے بھی آرمی میں جا کے شہید ہو جائیں تب بھی ہمیں فخر ہوگا۔ 

تحسین عباسی شہیدکے بیٹے نے کہا کہ میرے بابا نے اس وطن کے لئے جان قربان کی، مجھے اپنے والد کی شہادت کا دکھ بھی ہے لیکن فخر ہے کہ میں شہید کا بیٹا ہوں، میرے بابا بہت اچھے تھے ہم سے بہت پیار کرتے تھے۔ 

تحسین عباسی شہیدکے بھائی نے بتایا کہ 14 اگست کے موقع پر وہ میرے ساتھ نہیں ہے ہمیں بہت دکھ ہے، 14 اگست یومِ آزادی پاکستان ہے اس میں بہت سے شہیدوں کا خون ہے جس میں میرا بھائی بھی شامل ہے، یہ ہمارے لئے اعزاز کا مقام ہے کہ ہمارا بھائی شہید ہوا اور جس رتبے کے ساتھ میرے بھائی کو دفنایا گیا اْس پر میں بہت فخر ہے۔ 

شہید کے ماموں کا کہنا تھا کہ محمدتحسین عباسی بہت اچھے تھے اور دوران ڈیوٹی انہوں نے درجہِ شہادت پائی۔

مزیدخبریں