ایک نیوز: سری لنکا کے اسپنر ونیندو ہسرنگا نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ونیندو ہسرنگا کا شمار دنیا کے بہترین اسپنرز میں ہوتا ہے۔ ہسرنگا نے سری لنکا کرکٹ کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے صرف وائٹ بال کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا ۔ سری لنکن بورڈ نے بظاہر ان کی درخواست قبول کر لی ہے کیونکہ اب وہ باضابطہ طور پر ٹیسٹ کرکٹر نہیں ہیں۔
سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سی ای او ایشلے ڈی سلوا کا کہنا ہےکہ "ہم ہسرنگاکے فیصلے کو قبول کریں گے اور پراعتماد ہیں کہ ہسرنگا وائٹ بال پروگرام کا ایک اہم حصہ ہوگا۔" ہسرنگا نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو 2020 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیا اور چار ٹیسٹ میں سری لنکا کی نمائندگی کی، جن میں سے آخری 2021 میں بنگلہ دیش کے خلاف کھیلا تھا۔
اپنے چار مقابلوں میں انہوں نے 100.75 کی اوسط سے چار وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے مقابلے میں انہوں نے 2016 سے اب تک 44 فرسٹ کلاس میچوں میں 102 وکٹیں حاصل کی ہیں۔