ایک نیوز: کراچی کے ملیر میمن گوٹھ میں ڈھائی سال کا بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق واقعہ گزشتہ روز مراد میمن گوٹھ کے جاموٹ محلے میں پیش آیا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کے والد عبدالرحمان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایک ہی بچہ تھا،کس کے پاس جائیں،کون سا دروازہ کھکھٹائیں؟،کوئی سننے والا نہیں۔
رشتے دار کے مطابق بچہ اپنے والد کے ساتھ عقیقے کے پروگرام پر آیا تھا، حادثے کا سبب بننے والا مین ہول 15 سے 20 دن سے کھلا ہوا ہے، شکایت کے لیے کئی بار یونین کونسل بھی گئے، چیئرمین یونین کونسل کے عملے نے کہا کہ ان کے پاس مین ہول کا ڈھکن نہیں ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد نے جاں بحق بچے کے والد سے ملاقات کرتے ہوئے گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ پر کوئی عذر قابل قبول نہیں، واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔