5 ہزار سے کاروبارشروع کرنیوالا ممبئی اسٹاک مارکیٹ کا ارب پتی بادشاہ چل بسا

Aug 15, 2022 | 15:06 PM

Hasan Moavia

 ایک نیوز نیوز: انڈیا کے معروف  ارب پتی سرمایہ کار راکیش جُھنجُھن والا  دل کے دورے کے باعث 62 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جُھنجُھن والا بریچ کینڈی اسپتال میں زیرعلاج تھے کیونکہ کے ان کے گردے  بھی فیل ہوچکے تھے اور ان کے ڈیلائسسز چل رہے تھے۔ گذشتہ سال  انہوں نے انتہائی کم لاگت پر ہوائی سفر کی پیشکش کرنیوالی اکاسا ائیر لائنز شروع کرنے  کا اعلان کیا تھا ۔

5 جولائی 1960 کو پیدا ہونے والے جُھنجُھن والا ممبئی میں پلے بڑھے تھے۔ ان کے والد انکم ٹیکس افسر تھے۔ سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کی طرف اُن کا جھکاؤ نوعمری میں ہی شروع ہوا۔ 

سٹاک مارکیٹ میں جُھنجُھن والا کی دلچسپی بہت زیادہ تھی۔ جُھنجُھن والا نے 1985 سے سٹاک مارکیٹ میں پیسہ لگانا شروع کیا جبکہ وہ ابھی کالج میں تعلیم حاصل کررہے تھے۔

چارٹرڈ اکاؤنٹنسی مکمل کرنے کے بعد جب انھوں نے اپنے والد سے سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ ظاہر کیا تو ان کے والد نے صاف انکار کردیا۔

ان کے قریبی حلقے دعویٰ کرتے ہیں کہ راکیش جُھنجُھن والا نے سٹاک مارکیٹ میں صرف 5 ہزار روپے کی قلیل رقم سے سرمایہ کاری شروع کی اور دنیا بھر کے امیروں کی دولت کا جائزہ پیش کرنے والے میگزین فوربز کے مطابق آج اُن کی مجموعی دولت کا اندازہ 6 ارب ڈالر یعنی تقریبا 45،328 کروڑ روپے لگایا ہے۔

ممبئی اسٹاک مارکیٹ میں ان کے نام سے شيئر اوپر اور نیچے ہوتاہے۔ اگر یہ افواہ پھیل گئی کہ جھُنجھُنن والا شیئر خرید رہے ہیں تو شیئر کی قمیت خود بخود بڑھ جاتی ہے اور اگر یہ افواہ پھیل گئی کہ وہ شیئر بیچ رہے ہیں تو قیمت نیچے آ جاتی ہے۔

 ان کا سب سے قیمتی اثاثہ گھڑیاں اور زیورات بنانے والی کمپنی ٹائٹن ہے جو کہ ٹاٹا گروپ کا حصہ بھی ہے۔ جُھنجُھن والا نجی کمپنیوں جیسے سٹار ہیلتھ انشورنس، میٹرو برانڈز اور کونکورڈ بائیوٹیک میں بھی حصے کے مالک ہیں۔ راکیش جُھنجُھن والا ’انگلش ونگلیش‘، 'کی اینڈ کا' اور 'شمیتابھ' جیسی ہندی فلموں کے پروڈیوسر بھی رہے ہیں۔

مزیدخبریں