مردم شماری کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع

Apr 15, 2023 | 19:23 PM

ایک نیوز:مردم شماری کی آخری تاریخ میں ایک بار پھر توسیع کردی گئی۔ کراچی میں مردم شماری کے عمل میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

وفاقی ادارہ شماریات کا احسن اقبال کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ کراچی میں مردم شماری کے عمل میں مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے۔

اجلاس میں ادارہ شماریات کے چاروں صوبوں کے افسران شریک ہوئے، سینس کمشنر آف پاکستان نے کراچی سے شرکت کی جبکہ احسن اقبال نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس کی صدارت کی۔ کراچی میں مردم شماری کے مسائل پر گفتگو کی گئی، حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ دیہی علاقوں کی آبادی میں اضافہ ہوا ہے، کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کی آبادی میں کمی ظاہر ہوئی۔

حکام کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت شہری علاقوں میں اسسٹنٹ کمشنرز نے مردم شماری کے عمل میں غفلت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ جب تک مردم شماری مکمل نہ ہو کام کو جاری رکھا جائے۔

اس سے قبل سندھ کے اب تک کے مردم شماری نتائج کے مطابق صوبے کی آبادی 5 کروڑ 43 لاکھ سے زائد ہے جبکہ کراچی کی آبادی ایک کروڑ 50 لاکھ اور حیدرآباد کی ایک کروڑ 12 لاکھ ہوگئی۔

مزیدخبریں