آصف زرداری چاہتے ہیں شہباز شریف نااہل ہو جائیں، شیخ رشید کادعویٰ

آصف زرداری چاہتے ہیں شہباز شریف نااہل ہو جائیں، شیخ رشید کادعویٰ

ایک نیوز: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ شہباز شریف نااہل ہو جائیں، پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے امید ہے عدلیہ جیتے گی۔

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان مقبول لیڈر نہیں،آپ تو مقبول بیکری بھی نہیں ہیں،خوف کس چیز کا ہے انتخابات کروائیں،آصف زرداری چاہتا ہے کہ شہباز شریف نااہل ہو جائے اور بلو رانی کا راستہ کلیئر ہو،ایک سال کشکول لیکر پھر رہے ہیں،عدلیہ دانشمندی سے کام کررہی  ہےوہ جیتے گی،یہ اپنے کیسز ختم کروانے پاکستان آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے، عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ ہے، عدلیہ نے دور اندیشی سے آئین کو بلند رکھا۔نیب کا قانون حکومت اراکین کے گلے میں لٹکا ہوا ہے، کیسوں سے ہم گھبرانے والے نہیں ہیں۔ سیاستدان بند گلی میں جارہے ہیں، امید ہے عدلیہ جیتے گی، حکمران اپنے کیسز ختم کروانے آئے ہیں لیکن ان کی جان نیب سے نہیں چھوٹے گی، یہ قوم سڑکوں پر فیصلے کرے گی، آپ ملک سے بھاگ نہیں سکیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چابی والے کھیلونوں نے 24 کروڑ عوام کے ملک کو مذاق سمجھ رکھا ہے، قوم مہنگائی سے پریشان ہے، قوم اس مہنگائی میں مری جارہی ہے، یہ ایک سال سے خیرات مانگ رہے ہیں، یہ ایک سال سے کشکول لے کر پھر رہے ہیں۔

https://www.pnntv.pk/uploads/digital_news/2023-04-15/news-1681535820-6337.mp4

قبل ازیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ اسلام آباد میں سابق صدر آصف علی زرداری پر قتل کی سازش کا الزام لگانے پر شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔ شیخ رشید اپنے وکیل نعیم پنجوتھہ کے ہمراہ جوڈیشل مجسٹریٹ کےکمرہ عدالت پیش ہوئے۔

شیخ رشید کے وکیل نعیم پنجوتھہ نے  کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں اخراج مقدمات کی درخواستیں دائر ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ سے مقدمات کے حوالے سے فیصلہ آنے تک سماعت ملتوی کی جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ نے استفسار کیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیا معاملہ چل رہا ہے؟  

وکیل نعیم پنجوتھہ  نے کہا کہ شکایت کسی سرکاری افسر نے فائل نہیں کیا، شیخ رشید کے خلاف شکایت پیپلز پارٹی کے ایک عام ورکر نے  دائر کی ہے، شیخ رشید کے خلاف موچکو، کراچی، اسلام آباد اور مری میں مقدمات درج ہیں۔ شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت تیسرے ہفتے تک ملتوی کردیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی،اسلام آباد ہائیکورٹ سے درخواستوں کی کاپیاں آنے تک سماعت میں وقفہ کردیاگیا۔