ایک نیوز :وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان دنیا کی100 بااثر ترین شخصیات میں شامل ہوگئیں ۔
موقر امریکی جریدے ٹائم میگزین نے شیری رحمان کو گذشتہ برس آنے والے تباہ کن سیلاب سے متاثرہ لوگوں کے لیے عالمی سطح پر آواز بلند کرنے کی وجہ سے 2023 کی سو بااثر ترین شخصیات میں شامل کیا ہے۔
جریدے نے شیری رحمان کو امریکی صدر جو بائیڈن، جاپانی وزیراعظم فومیو کیشیدا، جرمن چانسلر اولف شولز اور برازیلی صدر لوا ڈا سلوا سمیت 20 بااثر ترین رہنمائوں میں شامل کیا ہے۔
ٹائم میگزین کے لیے پاکستانی وزیر کا پروفائل جرمنی کی اسٹیٹ سیکریٹری اور انٹرنیشنل کلائمیٹ ایکشن کے لیے نمائندہ خصوصی جینیفر مورگن نے تحریر کیا ہے جس میں گذشتہ برس پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران متاثرین کے لیے کی گئی ان کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔