سندھ کابینہ نے مفت برتھ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی منظوری دیدی

سندھ کابینہ نے مفت برتھ سرٹیفکیٹ فراہم کرنے کی منظوری دیدی
کیپشن: The Sindh Cabinet approved the provision of free birth certificates

ویب ڈیسک: حکومت سندھ  کی جانب سے پیدائش کے اندراج کی سہولت مفت فراہم کرنے کی منظوری دے دی گئی۔  

تفصیلات کے مطابق  سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ پیدائش کے مفت اندراج کا مقصد رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور پسماندہ طبقوں   کیلئے  قابل رسائی بنانا ہے، اندراج فیس کے خاتمے سے کم آمدنی والے افراد آسانی سے بچوں کی رجسٹریشن کراسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ  مفت اندراج کی سہولت سے درست ڈیموگرافک ڈیٹا اکٹھا کرنے میں مدد ملے گی، فیصلے سے دور رس فائدے حاصل ہوں گے اور سندھ میں ہر فرد کی قانونی شناخت یقینی ہوگی۔

دریں اثنا سندھ کابینہ نے ممنوع منشیات سے منسلک فصلوں کی کاشت پر 7 سال قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ عائد کرنے کی بھی منظوری دیدی۔

کابینہ کے منظور کردہ فیصلوں کے مطابق منشیات بنانے اور جگہ کے استعمال پر 14 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا جبکہ منشیات رکھنے پر ایک تا سات سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا جائے گا۔