بانی پی ٹی آئی نے جو بیج بوئے اسکے نتائج بہت خطرناک  ہوں گے، خواجہ آصف

Sep 14, 2024 | 22:24 PM

ویب ڈیسک:وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ  بانی پی ٹی آئی  نے جو بیج بوئے ہیں اس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جلسے میں جو گفتگو کی گئی وہ علیحدگی پسندوں کی زبان ہے، بانی پی ٹی آئی خیبرپختونخوا میں علیحدگی کی تحریک چلانے کی آپشن رکھنا چاہتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں نفرتوں کی آگ بھڑکا رہے ہیں، جو ماحول بانی پی ٹی آئی نے بنا دیا ہے اس کے بعد میثاق پارلیمان کمیٹی کا کوئی جواز نہیں، یہ جس راستے پر چل نکلے ہیں اس پر واپسی کا کوئی راستہ باقی نہیں رہ گیا۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پتہ نہیں فیض حمید اندر بانی پی ٹی آئی کے بارے میں کون سے گانے گا رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ نے جلسہ ملتوی کرنے کا پیغام دیا تھا تو اتنی تابعداری کیوں؟ گالیاں بھی دیتے ہیں اور مذاکرات کی بھی بات کرتے ہیں۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈا پور کے ذریعے ڈبل گیم کھیلی جا رہی ہے، اگر کوئی کرپشن کے ثبوت دے اس پر الزام لگایا جاتا ہے، خواہشوں پر کوئی پابندی نہیں جو مرضی کہیں، یہ تصدیق کرائیں کہ انہوں نے ٹویٹ کیا یا ان کی طرف سے کسی نے کیا۔ 

مزیدخبریں