ویب ڈیسک:راولپنڈی پی ٹی آئی کے رہنما شعیب شاہین کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا ، شعیب شاہین کو اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 2 سے رہا کیا گیا، جس کے بعد شعیب شاہین قافلے کی شکل میں اڈیالہ سے روانہ ہوگئے۔
شعیب شاہین کی ضمانت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے منظور کی تھی، ضمانت منظور ہونے پر انہیں جیل سے رہا کردیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ میں گرفتار تھے، انہیں اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔
عدالت نے تھانہ سنگجانی میں درج مقدمے میں شعیب شاہین کی ایک لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی تھی۔
اسلام آباد پولیس نے 9 ستمبر کو شعیب شاہین کو پی ٹی آئی کے جلسے کے بعد ایس او پیز کی خلاف ورزی پر دفتر سے حراست میں لیا گیا تھا۔
10ستمبر کو انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین نے فیصلہ دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنماؤںشعیب شاہین، شیر افضل مروت، عامر ڈوگر، زین قریشی، نسیم شاہ، احمد چٹھہ و دیگر کو 8 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا تھا۔
جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار اراکین قومی اسمبلی کے جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ معطل کردیا جبکہ عدالت نے شیر افضل مروت، شعیب شاہین، عامر ڈوگر، زین قریشی، احد چٹھہ، شیخ وقاص ودیگر کو جوڈیشل کردیا تھا۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے 9 ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے سے اراکین پارلیمنٹ کی گرفتاری پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی) اسلام آباد پولیس کی سرزنش کی تھی اور انہیں فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا تھا۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے تمام گرفتار ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے تھے جبکہ ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے سارجنٹ ایٹ آرمز سمیت 4 سیکیورٹی اہلکاروں کو 4 ماہ کیلئے معطل بھی کیا تھا ۔