ایک نیوز: مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام نواز شریف کو 2 تہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تو وعدہ ہے کہ ملک کو مہنگائی کی دلدل سے نکالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف نے پارٹی کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کیا ہے۔
اس دوران ان کا کہنا تھا کہ محمد نوازشریف کی واپسی بحرانوں کی سیاہ تاریک رات میں گھرے پاکستان کے لئے طلوع سَحَر ہے، پاکستان کا بیٹا ایک بار پھر قوم اور وطن کو مشکلات سے نکالنے میں تاریخی کردار ادا کرنے آرہا ہے۔
مریم نوازکا کہنا تھا کہ نوازشریف اپنے ریلیف کے لئے نہیں بلکہ قوم کو مہنگائی، معاشی بدحالی اور لاقانونیت کی تکلیف سے نجات دلانے آرہا ہے۔ ملک کو انتقام نہیں، اتحاد، امن،معاشی ترقی، غریبوں کو مہنگائی سے نجات کا ایجنڈا چاہیے، نوازشریف اسی ایجنڈے پر کام کریں گے۔عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں ، وعدہ ہے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم کردیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پارٹی راہنماﺅں اور کارکنان کے جذبے کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں، تین دفعہ عوام نے محمد نوازشریف پر اعتماد کیا، انہیں وزیراعظم بنا کر ملک کی خدمت کا موقع دیا، نوازشریف نے عوام سے کئے ہر وعدے کو پورا کیا، نواز شریف ہمیشہ عوام کے اعتماد پر پورا اترا اور ہر بار ملک کو بدترین بحرانوں سے نکالا۔ اِن شاءاللہ پھر نکالیں گے۔
انہوں ںے کہا کہ ہر غم سہہ کر بھی نوازشریف کی ترجیح آج بھی عوام اور ملک کی ترقی وخوش حالی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ محمد نوازشریف کو ہمیشہ بحرانوں، طوفانوں اور خساروں میں گھرا ملک ملا، اللہ تعالی پر کامل بھروسے، محنت اور خلوص نیت سے پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ طوفانوں کا منہ پھیرا ہے، نئی امید دی ہے اور پاکستان اور عوام کو ریلیف دیا ہے، یہ وہی نوازشریف ہے جس نے 2013 میں جب ملک سنبھالاتھا تو لوڈشیڈنگ ،دہشت گردی اور معاشی بدحالی قوم کا لہو بہا رہی تھی،
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک بیانیے پر نوازشریف نے متحد کیا۔ مہنگائی کی کمر توڑی، پاکستان کی معاشی ترقی کی شرح 6.1 فیصد کی، پورے خطے میں پاکستان سب سے تیز ترین معاشی ترقی کررہا تھا، نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپیگنڈے سے ہوشیار رہیں، عوام نوازشریف کو دوتہائی سے زیادہ مینڈیٹ دیں تاکہ پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ہمیشہ کے لئے ختم ہوجائیں، اللہ تعالی کے کرم اور پارٹی کی ماضی کی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر پورے ایمان کے ساتھ یہ یقین دلاتی ہوں پاکستان اور عوام کے اچھے دِن آنے والے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام انتخابات میں شیر پر نشان لگائیں، یہ نشان شیر پر نہیں، آپ اپنی محرومیوں، معاشی بدحالی کے خاتمے اور مہنگائی میں کمی پر لگائیں گے، عوام نوازشریف کو واضح مینڈیٹ دیں، ہم عوام کو مہنگائی میں واضح کمی کرکے دکھائیں گے۔