نوازشریف کی تاریخی واپسی کیلئےاہم فیصلے،لیگی اجلاس کی اندرونی کہانی

کیپشن: نوازشریف کی تاریخی واپسی کیلئےاہم فیصلے،لیگی اجلاس کی اندرونی کہانی

ایک نیوز:( ذوہیب کاظمی) مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف کی وطن واپسی سے متعلق لندن میں ہونیوالے مسلم لیگ (ن) کے اجلاس کی اندرونی کہانی آ گئی۔

تفصیلات کےمطابق لندن اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کی واپسی پر تاریخی استقبال کیلئے مریم نواز تیاریاں کروائیں گی، فیصلے پر عمل درآمد کیلئے انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی، اس حوالے سے فنانس کمیٹی بھی قائم کیا جائے گی۔ نوازشریف کی واپسی پر بڑا تاریخی جلسہ کرنے کا بھی پروگرام بنایا گیا ہے۔ 

پارٹی کی چیف آرگنائزر مریم نواز انتظامی کمیٹیوں کی روزانہ اپ ڈیٹ لیں گی، یہ اپ ڈیٹ رپورٹس لندن بھیجی جائیں گی۔ ریلی اور جلسے کے شرکا کی سکیورٹی کیلئے بھی کمیٹی بنائی جائے گی۔ 

رپورٹ کے مطابق ن لیگ کے مرکزی سیکرٹریٹ واقع  ماڈل ٹاؤن میں ہونے والے اہم مشاورتی اجلاس میں  پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، پارٹی ٹکٹ ہولڈرز  نے شرکت کی،ن لیگ کی چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر  مریم نواز شریف کی صدارت  میں ہونے والے اجلاس میں امور اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اہم فیصلے لئے گئے ہیں۔مریم نواز شریف کو تمام انتظامی کمیٹیوں کی نگراں مقرر کیا گیا ہے،  جبکہ نواز شریف کے تاریخی استقبال کے لئے یونین کونسل اور وارڈ کی سطح تک رہنماوں و کارکنوں کو متحرک  کیا جائے گا۔ مرکزی قیادت، صوبائی صدور، ڈویژنل صدور اور ضلعی صدور کو الگ الگ ٹاسک دئیے جائیں گے۔

سابقہ اراکین پارلیمان، ٹکٹ ہولڈرز اور سابقہ بلدیاتی نمائندوں کو علیحدہ ٹاسک دئیے جائیں گے۔پارٹی کے ذیلی ونگز کے متعلقہ عہدیداروں کو بھی ٹاسک دئیے جائیں گے۔ خواتین ونگ، طلبہ ونگ، یوتھ ونگ، لائرز فورم، کسان ونگ سمیت ہر ذیلی تنظیم کو ٹاسک سونپنے کا فیصلہ۔ہر کسی کو دئیے گئے ٹاسک کی جدید ترین ذرائع سے رئیل ٹائم مانیٹرنگ کی جائے گی جبکہ نواز شریف کے استقبال کے لئے ٹرانسپورٹ، جلسہ، پنڈال، طعام وغیرہ کی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ تاریخی استقبال کے لئے درکا فنڈز کے حصول کے لئے فنانس کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔

 فیصلہ کیا گیا ہے کہ نواز شریف کی وطن واپسی پر تاریخی استقبال کی ریلی کے اختتام پر ایک بڑا تاریخی جلسہ بھی کیا جائے گا۔ جس کے لئےنواز شریف کو بڑی ریلی کی صورت میں ایئرپورٹ سے جلسہ گاہ لایا جائے گا،جلسہ گاہ میں شرکاء کے لئے  کھانے پینے ، کافی چائے ، کولڈ ڈرنکس  سمیت ہر قسم کی سہولیات دی جائیں گی ۔ خواتین اور بچوں کے لئے جلسہ گاہ علیحدہ جگہ مخصوص کی جائے گی۔

شرکاءکاخطاب

اجلاس 21 اکتوبر کو پارٹی قائد اور سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کی وطن واپسی کی تاریخ کے اعلان کا خیرمقدم ہے،مسلم لیگ (ن) کے راہنماﺅں، سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی نواز شریف کے حق میں دھواں دھار تقریریں، شرکاء نے قائد نواز شریف کی آمد پر بھرپور جوش وجذبے کا اظہار کیا،ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی نواز شریف کے حق میں بھرپور جذبات اور حمایت کا اظہار۔ اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ وطن واپسی پر نوازشریف کا تاریخی استقبال کیاجائے گا،اجلاس کے شرکاءنے اس موقع کو تاریخی بنانے اور تیاریوں کے حوالے سے اپنی تجاویز اور آراء پیش کیں۔

شرکاء نے تقاریر  میں کہا کہ نوازشریف ایک بار پھر قوم اور ملک کو اِن بحرانوں سے نکالیں گے، قوم کی ذمہ داری ہے کہ چالبازوں، فراڈیوں، جھوٹوں اور توشہ چوروں کے پراپگنڈے سے ہوشیار رہیں،نوازشریف ہی پاکستان سے معاشی بدحالی ، مہنگائی ، بے روزگاری کے سیاہ اندھیرے ختم کرسکتے ہیں،قوم کو معاشی دکھوں سے نجات صرف نوازشریف ہی دلا سکتے ہیں،صرف نواز شریف وعدے پورے کرتا ہے۔

شرکا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قائد کا تاریخی استقبال کریں گے،پنجاب اور لاہور کے عوام اپنے محسن کا فقید المثال استقبال کرنے کےلئے منتظر ہیں،نوازشریف ، مسلم لیگ (ن)،اس کے راہنماﺅں اور کارکنوں کو ملک اور عوام کی خدمت کرنے کی سزا دی گئی،نواز شریف کو سزا کا خمیازہ پاکستان، عوام بالخصوص، پنجاب اور لاہورکے عوام بھگت رہے ہیں،قائد نوازشریف اور ان کے ساتھیوں کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں،اسی جذبے سے قوم کی ترقی کے ہدف کے حصول کے لئے آگے بڑھتے رہیں گے۔